ایران کی واحد اولمپک میڈلسٹ نے ملک چھوڑ دیا

اولمپکس مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے والی ایران کی واحد خاتون ایتھلیٹ کیمیا علی زادے نے حکومت کی جانب سے ان کو بطور پروپیگنڈا ٹول استعمال کیے جانے پر ملک چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ’منافقت، جھوٹ، ناانصافی اور خوش آمد‘ کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھیں، انہوں نے خود کو ایران میں ’لاکھوں مظلوم خواتین میں سے ایک‘ قرار دیا۔
ایران کی تائی کوانڈو ایتھلیٹ علی زادہ نے انسٹاگرام پر ایک خط پوسٹ کیا ہے اور اس میں یہ اطلاع دی ہے کہ وہ ملک چھوڑ کر نیدرلینڈ چلی گئی ہیں۔ انہوں نے لازمی سرپوش اوڑھنے کی پابندی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ایرانی حکام پر جنسی اخلاق باختگی اور ناروا رویہ اختیار کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔انہوں (ایرانی حکام) نے جو بھی کہا، میں نے وہ (لباس) پہنا۔وہ جو جملہ حکم کرتے تھے، میں نے وہی دُہرایا۔ ایران چھوڑنے کے فیصلہ کو مشکل قرار دیا ہے لیکن کہا ہے کہ یہ ناگزیر تھا۔ ایرانی حکام نے فوری طور پر علی زادے کے عائد کردہ سنگین الزامات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
علی زادہ زخمی ہوگئی تھیں اور وہ اب فوری طور پر کسی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتی ہیں لیکن رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ 2020ء میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اولمپک مقابلوں میں کسی اور ملک کی جانب سے حصہ لے سکتی ہیں۔21 سالہ علی زادہ نے 2016ء میں ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ اولمپکس میں تائی کوانڈو میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
انہوں نے ایسے وقت میں اپنے آبائی وطن کو خیرباد کہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی تین جنوری کو بغداد میں امریکی فوج کے ایک ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد سے سخت کشیدگی پائی جارہی ہے جب کہ ایران میں یوکرین کا مسافر طیارہ مار گرائے جانے پر احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران میں متعدد ایرانی ایتھلیٹس حکومت کے جبرواستبداد کی تاب نہ لاکر ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور دوسرے ممالک میں مستقل طور پر جابسے ہیں۔ ستمبر2019ء میں ایرانی جوڈوکا سعید مولائی نقلِ وطن کرکے جرمنی چلے گئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام نے اسرائیلی جوڈوکا سے مقابلہ نہ کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا تھا۔
ایران کے فٹ بال کے ایک انٹرنیشنل ریفری علی رضا فاغانی گذشتہ سال ملک چھوڑ کر آسٹریلیا چلے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button