ایف اے ٹی ایف: عالمی برادری پاکستان کی کاوشوں کو تسلیم کرے

ملک میں انسداد دہشت گردی کے مالی تعاون نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی نمایاں پیش رفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیاسی عزم اور متحرک کوششوں کو عالمی برادری کو تسلیم کرنا چاہیئے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہیئے۔
ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوینگ نے یہ تبصرہ پاکستان کی نیشنل ایکشن پلان رپورٹ پر کیا جو جوائنٹ گروپ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی چین کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں زیرِ غور آئی۔وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے عالمی منی لانڈرنگ واچ ڈاگ کے 3 روزہ اجلاس میں ملک کی عملدرآمد رپورٹ پیش کی جو 21 جنوری سے شروع ہوا تھا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے واضح پیش رفت کے ساتھ اپنا ملکی انسداد مالیاتی دہشت گردی نظام مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دہشت گردی کی مالی معاونت سے موثر انداز میں نمٹنے اور انسداد مالیاتی دہشت گردی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کی تعمیری حمایت کی جائے گی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین ایف اے ٹی ایف کے صدر اورایشیا پیسفک جوائنٹ گروپ کے شریک چیئرمین کی حیثیت سے چین بامقصد، تعمیری اور منصفانہ رویے کو برقرار رکھے گا اور متعلقہ بات چیت میں حصہ لے گا۔گینگ شوینگ کا مزید کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت سے لڑنے کے لیے ایک اہم عالمی تعاون کا پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد اور عزم منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت سے لڑنے کے لیے ممالک کی مدد کرنا ہے تا کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کا استحصال ہونے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ بیجنگ کے اس اجلاس میں شریک پاکستانی وفد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، وزارت خارجہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، کسٹمز، وزارت داخلہ اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے نمائندے شامل تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں پیرس میںمنعقدہ ایف اے ٹی ایف اجلاس کے اختتام پر ٹاسک فورس کے صدر شیانگ من لو نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ کہ پاکستان کو مزید 4 ماہ کے لیے گرے فہرست میں رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button