ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے امریکہ مدد کرے

پاکستان نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مال معاونت کے نگراں ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے میں کردار ادا کرے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان کو امید ہے کہ امریکا پاکستان کی آئندہ ماہ بیجنگ میں اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے نکلنے کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ اجلاس ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کے بعد عالمی ادارے کا پیرس میں اجلاس ہوگا جہاں دنیا اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ پاکستان کو فہرست میں رکھنا ہے یا نہیں’۔
ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے جو منی لانڈرنگ کو روکنے میں ناکام رہا ہے اور جہاں دہشت گرد اپنی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرسکتے ہیں۔ اگر پاکستان اپریل تک گرے لسٹ سے باہر نہیں آیا تو شاید پاکستان کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا جس کے تحت ملک کو متعدد معاشی پابندیوں کا سامنا ہوگا، جیسے ایران کو معاشی پابندیوں کا سامنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے امریکا پر پاکستان کے لیے اپنی سفری تجاویز پر نظر ثانی کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی سفری تجاویز میں اب بھی یہی لکھا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہ کریں۔ انہوں نے واشنگٹن کو حال ہی میں اقوام متحدہ کی جانب سے 10 بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘سفری تجاویز پر نظر ثانی سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے گا’۔
ایف اے ٹی ایف کے بیجنگ میں ہونے والے اجلاس کی اہمیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی دارالحکومت میں ہونے والے فیصلے کے ایف اے ٹی ایف کے پیرس میں ہونے والے اجلاس پر گہرے اثرات ہوں گے جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے امریکی دوست اپنی پالیسی بتائیں، آپ ہمیں بتائیں کہ آپ نے کیا اقدامات کیے ہیں یا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے نام نکلنے کا عمل راتوں رات نہیں ہوسکتا ہے تاہم امریکا اس عمل میں تیزی لاسکتا ہے کیونکہ پاکستان کو اس کا انتظار ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آپ ہماری مدد کریں کہ ہم پاکستان کی برآمدات کیسے بڑھاسکتے ہیں، ہمارے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کیسے بڑھاسکتے ہیں، ہمارے آپ کے مشورے کی ضرورت ہے، ہمیں سیاحت کے شعبے میں آپ کی سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ سال ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاتھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آئے اور اب ہمیں امید ہے کہ امریکی حکام اس کے لیے کچھ کام کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button