ایون فیلڈ ریفرنس: فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کالعدم قرار دینے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کیلئے منظور کرلی ہے اور اس کی سماعت کے لیے 13 اکتوبر کی تاریخ دی گئی ہے۔

درخواست پر رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے اعتراضات عائد کیے گئے تھے جس کے بعد درخواست کو دوبارہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔

مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کالعدم قرار دینے کے لیے دائر متفرق درخواست پر رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دائر اعتراضات دور کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئی تھیں ، اس موقع پر ان کے ساتھ سینیٹر پرویز رشید ، مریم اورنگزیب ، طلال چودھری اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی متفرق درخواست پر دو اعتراضات دائر کیے تھے کہ  مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے اس درخواست میں وہی استدعا کی جو مرکزی اپیل میں کی گئی جبکہ مریم نواز فریش گراؤنڈز کورٹ کی اجازت سے ہی حاصل کر سکتی ہیں۔

Back to top button