ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز ، کیپٹن صفدر کو نوٹس

ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی درخواست پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 6 اکتوبر تک عدالت طلب کر لیا ہے ۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نیب کی اپیل پر ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ مریم نواز کی جانب سے 2018 سے اس کیس میں التوا لیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا نیب صرف مریم نواز کے کیس میں روزانہ سماعت چاہتا ہے؟ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیل پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر ہی نہیں کی گئی ۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ہم کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت چاہتے ہیں ، 30دن گزرنے اور پانچ وکلا کی خدمات کے باوجود ملزموں کی جانب سے کیس نہیں چل رہا۔

واضح رہے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی نیب درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی تھی۔

ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق اپیلیں، نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

درخواست میں نیب کی طرف سے استدعا کی گئی کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جان بوجھ کر اپیلوں کی سماعت میں تاخیر کر رہے ہیں ، مریم نواز کے وکیل ایک سال سے بہانے بنا کر تاریخیں لے رہے ہیں ، ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر روزانہ سماعت کر کے 30 روز میں فیصلہ کیا جائے۔

Back to top button