ایک اور عمرانی یو ٹرن،KPاسمبلی تحلیل کا فیصلہ موخر

پاکستان تحریک انصاف نے ایک اور یو ٹرن لیتے ہوئے خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے حیات آباد سپورٹس کمپلکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا اور پنجاب اسمبلی کی صورت حال واضح ہونے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا،پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوااسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے پنجاب اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، ابھی پنجاب اسمبلی کے معاملے پر غور جاری ہے، پارٹی قیادت اور عمران خان پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی، جب خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی تو فیصلہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے ساتھ رابطہ میں ہوں لیکن ابھی تک عمران خان نے مجھے اسمبلی تحلیل سے متعلق کوئی ہدایت نہیں کی، آج عمران خان سے رابطہ ہوگا مگر پہلے پنجاب اسمبلی کے معاملات دیکھے جائیں گے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل عمران خان کے حکم کے مطابق ہو گی، ہمارا مقصد اس امپورٹڈ حکومت کو الیکشن کے لیے مجبور کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جمعے کو دونوں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا تھا۔عمران خان کے اعلان کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سمیت پنجاب کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی اور ساتھ گورنر پنجاب سے بھی وزیراعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے اجلاس طلب کیا تھا۔
گورنر کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کے برخلاف اسپیکر نے ایوان کا اجلاس ملتوی کرتے ہوئے ان کے احکامات غیرآئینی اور غیرقانونی قرار دیا تھا،اپوزیشن کے اقدامات کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا اور اب نئے حالات کا سامنا ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گورنر وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر ڈی نوٹیفائی کردیں گے،تاہم گورنر پنجاب نے اسپیکر کو خط لکھا اور انہیں واضح کیا کہ آپ کا اقدام غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پہلے عدم اعتماد کا عمل مکمل کیا جائے گا اور کامیابی کے بعد اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔
