اے آئی ٹیکنالوجی سے بیروزگاری میں اضافہ ہوگا،ایلون مسک

ایلون مسک کا ماننا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے باعث بتدریج دنیا بھر میں ہر فرد کو ملازمت سے محروم ہونا پڑے گا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے یکم نومبر کو کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی انسانیت کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔
اب اپنے نئے بیان میں ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی تاریخ کی سب سے زیادہ انتشار انگیز طاقت بن سکتی ہے۔
لنکا شائر ہاؤس میں برطانوی حکومت کے ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ‘یہ کہنا تو مشکل ہے کہ کب ایسا ہوگا، مگر ایک وقت ایسا ضرور آئے گا جب ملازمت کی ضرورت نہیں ہوگی’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اے آئی ٹیکنالوجی ہر کام کرنے کے قابل ہوگی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نہیں جانتا کہ اس سے لوگ خوش ہوں گے یا نہیں، مگر یہ مستقبل کا ایک بڑا چیلنج ہوگا کہ ہم اپنی زندگی کا مقصد کیسے تلاش کریں’۔
ایلون مسک ماضی میں متعدد بار اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دے چکے ہیں۔

Back to top button