بابراعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی بہترین ٹیم کے کپتان منتخب
آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو ٹیم کی قیادت سونپی ہے ، حیران کن طور پر ٹیم میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 303 رنز بنانے والے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جگہ آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ نہ جیتنے کے باوجود بابراعظم ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
میگا ایونٹ کے اختتام پر آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان کیا ہے اور قومی ٹیم کے کپتان ناصرف اس ٹیم کا حصہ ہیں بلکہ اس ٹیم کے کپتان بھی ہیں ، محمد رضوان حیران کن طور پر ٹیم میں شامل نہیں ہیں جنہوں نے 281 رنز بنائے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں کوئی اور پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ، شاہین شاہ آفریدی کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ رکھا گیا۔اس ٹیم میں اوپننگ کی ذمے داریاں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ انگلینڈ کے جوز بٹلر کو دی گئی ہیں جنہوں نے ایونٹ میں 269 رنز بنائے۔
میگا ایونٹ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
