بارہ سال سے زائد عمر بچوں کو کرونا ویکسین لگانے کا فیصلہ
12 سال اور اس سے زائد عمر بچوں کو کرونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس کے دوران بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو کرونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
این سی او سی سربراہ اسد عمر نے کہا کہ اب 12 سال اور اس سے زائد عمر بچے بھی کرونا ویکسین لگوا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے سکولوں میں ویکسی نیشن کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 13 ستمبر بروز پیر سے 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کیا۔ این ایچ ایس کے ترجمان ساجد شاہ نے بتایا کہ بچوں کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی،بچے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے حاصل کردہ ‘ب’ فارم کے کیساتھ قریبی ویکسی نیشن سینٹر جا سکتے ہیں۔
ساجد شاہ نے بتایا کہ بچے بھی نادرا کی ویب سائٹ سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فائزر ویکسین تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر دستیاب ہوگی جبکہ ہم بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے تعلیمی اداروں میں ٹیمیں بھیجنے کا بھی انتظام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں جوں جوں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ویسے ہی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں بھی بتدریج کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
