بالآخر ندیم افضل چن کا "مختارا وڑ جانی دا” وڑ گیا


بالآخر ندیم افضل چن کا "مختارہ وڑ جانی دا” بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔ یہ خبر بریک کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ میں نے مختارے کو بہت سمجھایا تھا کہ "گل ہن بہت ودھ گئی اے، گھر بیٹھ جا، اس نے احتیاط بھی کی لیکن عید پر بے احتیاطی کرگیا اور خود کو کرونا کروا بیٹھا۔ اب وہ آئسولیشن سینٹر بیٹھا ہے اور پریشان ہے۔
یاد رہے کہ ندیم افضل چن کا پولیٹیکل سیکرٹری مختار بھی کرونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا تھا اور سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے پر بضد تھا۔ تاہم ندیم افضل چن نے اسے فون کر کے معاملہ کچھ اس طرح سمجھایا: "مختاریا وڑ جانی دیا کرونا پھیل گیا وے۔ گل ودھ گئی اے لیکن حکومت دسدی نئی پئی۔ توں سارے کم چھڈ کے گھر ٹک کے بچیاں کول رہ”۔ تاہم ندیم افضل چن کی یہ ویڈیو کال ریکارڈ ہو کر سوشل میڈیا پر برائی کی طرح پھیل گئی اور یوں مختارا بھی ایک کردار بن گیا اور روزمرہ محاوروں میں اس کا نام استعمال ہونے لگا۔
ندیم افضل کے سمجھانے کے بعد مختار 21 روز تک اپنے گھر میں ہی محصور رہا۔ تاہم عید کے موقع پر اس نے لوگوں سے ملنے جلنے میں احتیاط نہیں برتی اور اب کرونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے ندیم افضل چن نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختار کا انجام آپ سب کے سامنے ہے۔ جس سے نتیجہ نکلتا ہے کہ ہم سب کو احتیاط کرنی چاہیے۔
ندیم افصل چن نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہئے کہ ہم کتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں؟ عید پہ مارکیٹیں کھلی ہیں تو آپ خود دیکھ لو کہ عید کے بعد کرونا نے کیا حالت کی ہے؟ ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ہم زمیندار لوگ ہیں، ہم نے فصل کاٹنی ہوتی ہے، فصل بونی ہوتی ہے، لیکن ہم یہ تمام کام کرتے ہوئے سماجی فاصلہ تو برقرار رکھ سکتے ہیں جس سے کرونا سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ہم اپنے دوستوں کے ہمراہ باہر بیٹھ کر گپیں مارتے ہیں اور رات کو اپنے گھر چلے جاتے ہیں اور اپنے بچوں کو بھی کرونا سے متاثر کر دیتے ہیں۔
ویڈیو کے اختتام پر ندیم افضل چن نے مختارے کا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ میں نے چن صاحب کے کہنے پر بھرپور احتیاط کی تھی لیکن پھر بھی میں کرونا کا شکار ہو گیا ہوں۔ میری لوگوں سے اپیل ہے کہ خدا کا واسطہ ہے کہ احتیاط کرو، چن صاحب کی باتوں کو سیریس لو ۔خود بھی بچو اور اپنے بچوں کو بچاؤ اور ماسک کے بغیر باہر نہ نکلو۔
اس سے پہلے جب ابھی مختارا کرونا وائرس کا شکار نہیں ہوا تھا اور اکیس روز گھر میں محصور رہنے کے بعد باہر نکلا تھا تو ندیم افضل چن نے اس کے ساتھ اپنی گفتگو کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔ مختارے کا کہنا تھا کہ گھر میں رہنے کا فیصلہ ناصرف میرے بلکہ میرے گھر والوں کیلئے بھی بہت اچھا ثابت ہوا اور اس وجہ سے ہم سب محفوظ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ندیم افضل چند نے کہا کہ بڑے دنوں کے بعد میری اپنے ”مختیارے“ کیساتھ ملاقات ہوئی ہے جو بڑے دن گھر میں رہا ہے تو میں نے سوچا کہ آج آپ کی بھی مختیارے کیساتھ ملاقات کروائی جائے، انہوں نے مختیارے سے اس کا حال چال پوچھا تو اس نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔
ندیم افضل چن نے پوچھا کہ 21 دن گھر میں محصور رہنے کے بعد آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں جس پر مختارے نے جواب دیا کہ میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں اور گھر والوں نے بھی بہت اچھا محسوس کیا جس پر ندیم افضل چن نے لقمہ دیا کہ بچوں نے آپ کو قبول کر لیا ہو گا مگر بیگم ضرور تنگ آ گئی ہو گی جس پر مختیارے نے ہنستے ہوئے کہا کہ نہیں وہ تنگ نہیں پڑیں۔ مختیارے نے مزید کہا کہ آپ کے ایک مرتبہ کہنے سے، جس طرح آپ نے ڈرا کر کہا، میں اور میرے بچے محفوظ رہے اور ہم آپ کے شکرگزار ہیں کیونکہ آپ نے میرے اور اہل خانہ کی زندگی پر بہت مہربانی کی ہے۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ اب آپ مشہور بھی ہو گئے ہیں بلکہ میرے سے زیادہ شہرت یافتہ ہو گئے ہیں تو مختیارے نے کہا کہ سوشل میڈیا نے بہت مشہور کر دیا ہے حالانکہ ابتداءمیں لیک ہونے والے آڈیو پیغام کو لوگوں نے غلط رنگ دینے کی کوشش کی لیکن پھر یہی پیغام مثبت صورت اختیار کر گیا اور اس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا پیغام ملا، آپ نے جو کہا وہ میرے لئے اور بچوں کیلئے بہت اچھا رہا۔ اس موقع پر ندیم افضل چن نے پوچھا کہ وہ آڈیو پیغام کیسے لیک ہوا تو مختیارے کا کہنا تھا کہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ وہ آڈیو پیغام میں نے لیک نہیں کیا جس پر ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ میں نے بھی لیک نہیں کیا اور اگر ہم دونوں نے لیک نہیں کیا تو یہ معلوم کرنا چاہئے کہ کیسے لیک ہوا، اگر واٹس ایپ کا آڈیو بھی لیک ہوتا ہے تو یہ سوچنا پڑے گا کہ کیسے لیک ہوتا ہے؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button