بالی ووڈ سٹار رنویر سنگھ کی مسلسل تیسری فلم ناکام

معروف بالی ووڈ سٹار رنویر سنگھ کی نئی فلم ’’سرکس‘‘ ریلیز کے پہلے ہی روز بری طرح فلاپ ہوگئی، اور خاطر خواہ بزنس کرنے میں ناکام رہی۔ کرسمس سے دو دن قبل ریلیز ہونے والی اس فلم کو انٹرنیٹ پر بوریت سے بھرپور اور پرانی طرز کی فلم کہا جا رہا ہے، اس کی کہانی سرکس میں بجلی کی تاروں پر کرتب دکھانے والے ایک آرٹسٹ کے گرد گھومتی ہے جس کے جسم میں کرنٹ بھرا ہوا ہے۔ ’سرکس‘ فلم کے ہدایت کار روہت شیٹھی ہیں جبکہ کاسٹ میں رنویر سنگھ، پوجا ہیگڑے، جیکولین فرنینڈس، جونی لیور، ورون شرما، سنجے مشرا اور سدھارتھ جادھو شامل ہیں۔
اس فلم میں رنویر سنگھ کی اہلیہ دیپکا پاڈوکون کا کیمیو رول بھی شامل کیا گیا ہے۔اتنی بڑی کاسٹ اور روہت شیٹھی کی فرنچائز ہونے کے باوجود فلم دیکھنے والوں کے معیار پر پورا نہیں اتری اور شائقین کو پسند نہیں آئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر یہ فلم باکس آفس پر ناکام ہوتی ہے تو یہ رنویر سنگھ کی لگاتار تیسری فلاپ فلم ہوگی جس سے ان کا کیریئر گل ہونے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے رنویر سنگھ کی ’جیش بھائی جوردار‘ اور ’83‘ بری طرح ناکام ہوئی تھیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ناقدین کی جانب سے اس فلم کے حوالے سے تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
معروف فلم ناقد ترن آدرش نے سرکس کو ’پرانی طرز‘ کی فلم کہہ کر صرف دو سٹارز دیے اور کہا کہ ’اس میں تفریح اور مزاح نہیں ہے جو روہت شیٹھی کے ساتھ لازمی وابستہ ہوتا ہے، انکے مطابق اس فلم میں کچھ مزاحیہ مناظر ہیں لیکن وہ چنگاری نہیں ہے جو اسے کامیاب بنا پاتی۔ صحافی فریدون شہریار نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ سرکس کے بارے میں بہت اچھے ریویو بھی لکھے جا رہے ہیں لیکن میری رائے میں یہ ایک بہت بُری فلم ہے جس میں تفریح بالکل ہی نہیں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ روہت شیٹھی اب مغرور اور خود پسند ہو گئے ہیں۔ فلم کی کہانی بہت بیکار تھی اور فلم ساز ناظرین کو بیوقوف سمجھنا چھوڑ دیں۔ صحافی امیت بھاٹیا نے کہا کہ یہ روہت شیٹھی کی سب سے کمزور فلم ہے اور بوریت سے بھرپور ہے، جیسی ہمیں روہت شیٹھی سے امیدیں ہوتی ہیں ویسی فلم بالکل بھی نہیں۔ لہٰذا اس فلم کو دیکھنے سے بہتر ہے کہ میلے میں لگنے والا سرکس دیکھ لیں۔ فلم رائٹر راہول دیسائی کا کہنا تھا کہ میں جب بھی اپنی زندگی کے بارے میں تھوڑا سا پُرامید ہوتا ہوں تب روہت شیٹھی کی فلم آ جاتی ہے۔ روہت کی تازہ فلم احمقانہ ہے، اور رنویر سنگھ اس سے بھی زیادہ احمق لگ رہے ہیں۔
