’’بالی ووڈ کنگ امریکہ میں فلم شوٹنگ کے دوران زخمی‘‘

بھارتی فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان امریکہ میں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے معمولی زخمی ہوگئے، ناک پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ان کی مائنر سرجری کی گئی جس کے بعد کنگ خان بھارت واپس لوٹ آئے ہیں۔
امریکی شہر ٹیکساس میں شوٹنگ کے دوران بالی وڈ ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان کے ساتھ خطرناک حادثہ پیش آنے پر ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کرتے وقت متعدد اداکاروں کے ساتھ حادثات پیش آ چکے ہیں اور اب اطلاعات آئی ہیں کہ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ چند دن قبل امریکی شہر لاس اینجلس میں شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شوٹنگ کے دوران ناک پر چوٹ لگنے کی وجہ سے شاہ رخ خان کی ناک سے خون بہنے لگا، جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد شاہ رخ خان کی ہنگامی بنیادوں پر مائنر سرجری کی گئی اور انہیں ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ میں ذرائع سے دعویٰ کیا گیا کہ ڈاکٹرز نے بتایا کہ شاہ رخ خان کو انتہائی سنگین چوٹ نہیں لگی اور نہ ہی انہیں کوئی سنگین نقصان ہوا ہے، تاہم ان کی ناک کے خون کو روکنے کے لیے ان کی مائنر سرجری کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرجری کرانے کے بعد شاہ رخ خان اب امریکا سے بھارت آچکے ہیں اور انہیں ناک پر پٹی کے ساتھ دیکھا گیا، شاہ رخ خان کے ساتھ حادثے کی خبر آنے کے بعد مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کی دعائیں کیں جب کہ شوبز شخصیات نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوسری جانب بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان یا ان کی ٹیم نے حادثے کی خبروں پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔
