بالی ووڈ کنگ شاہ رخ ناقابل برداشت کیوں ہوگئے؟

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے ہالی ووڈ گلوکارہ لیڈٰی گاگا کے ساتھ فلرٹ کرنے کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر سوشل میڈیا صارفین ملی جلی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، ویڈیو میں بالی ووڈ کنگ، ہالی ووڈ سٹار کے قریب جانے کی کوشش کرتے ہیں جس سے وہ گھبراہٹ کا شکار دکھائی دیتی ہیں۔
بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی مقبولیت کسی سے کم نہیں ہے۔ جہاں وہ انڈیا سمیت دنیا بھر کے لوگوں کے دِلوں میں بستے ہیں، وہیں ہالی وُڈ کے بڑے ستارے بھی شاہ رخ خان کی شخصیت کے معترف ہیں۔
تاہم سوشل نیوز ایگزیکیٹر ریڈٹ پر شاہ رخ خان اور امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہے جس میں کنگ خان گلوکارہ کو اپنی گھڑی دینے کی پیشکش کرتے نظر آتے ہیں اور گلوکارہ اُن کے رویے سے تھوڑی ہچکچاہٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہیں، یہ ویڈیو 2011 کی ہے جب لیڈی گاگا انڈیا کے دورے پر آئی تھیں، ایک انٹرویو میں بھی شاہ رخ خان لیڈی گاگا سے ’فلرٹ‘ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران بالی وُڈ بادشاہ پہلے گلوکارہ سے کہتے ہیں کہ کیا وہ اُن کے لیے کافی کا کپ پکڑ سکتی ہیں؟ جس پر گلوکارہ منع کر دیتی ہیں پھر لیڈی گاگا بتاتی ہیں کہ شاہ رخ بیک سٹیج بھی اُن کا کافی کا کپ پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں، جس پر کنگ خان انکشاف کرتے ہیں کہ میں ایسا کرنے کی پچھلے آدھے گھنٹے سے کوشش کر رہا ہوں۔
انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے گلوکارہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ جب آپ شاپنگ کرنے گئیں تو آپ کے پاس زیادہ پیسے نہیں تھے، لہٰذا میں آپ کو اپنی گھڑی دے دیتا ہوں، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکارہ کے منع کرنے کے باوجود شاہ رخ انہیں اپنی گھڑی زبردستی دیتے ہیں اور بالکل اُن کے قریب چلے جاتے ہیں۔
اِس ویڈیو پر ریڈٹ صارف نے پوچھا کہ ’کیا شاہ رخ کا یہاں رویہ قابلِ قبول ہے؟اس پر ایک صارف نے کہا کہ اگر رنویر اور ورون نے ایسا کیا ہوتا تو لوگوں نے انہیں زندہ جلا دیا ہوتا، ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’وہ (لیڈی گاگا) شاہ رخ کی جانب سے قریب آنے پر بہت زیادہ گھبراہٹ کا شکار نظر آئیں، ایک ریڈٹ صارف کہتے ہیں کہ اُف بہت ہی زیادہ بُری بات ہے یہ۔ مجھے کنگ پسند ہے لیکن یہ دیکھنا برداشت سے باہر ہو رہا تھا۔
