اداکار فیصل قریشی کی بیٹی حنیش کونسی فلم سے ڈیبیو کرنیوالی ہیں؟

معروف اداکار فیصل قریشی کی صاحبزادی حنیش قریشی بہت جلد پردہ سکرین پر جلوہ افروز ہونی والی ہیں، حنیش نے اپنے کیرئیر کا آغاز ’’نقاب‘‘ نامی شارٹ ٹیلی فلم سے کیا ہے۔

فیصل قریشی تقریبا گزشتتہ تین دہائیوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور وہ متعدد مقبول اور میگا بجٹ ڈراموں سمیت چند فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، فیصل قریشی نے جہاں اداکاری میں خود کو منوایا، وہیں انہوں نے متعدد ڈرامے اور فلمیں بھی پروڈیوس کی ہیں جبکہ میزبانی میں بھی اپنا منفرد مقام بنایا۔

والد کی طرح ان کی بیٹی حنیش قریشی نے بھی اداکاری کا آغاز کر دیا ہے اور انہوں نے والد کی طرح ٹی وی اسکرین کے بجائے ڈیجیٹل ڈیبیو کو اہمیت دی، حنیش قریشی نے دی ڈارک امیج (ٹی ڈی آئی فلمز) کی جانب سے یوٹیوب چینل کے لیے بنائی گئی مختصر ٹیلی فلم (نقاب) سے اداکاری کا آغاز کیا ہے۔

دی ڈارک امیج فلمز کی جانب سے تقریبا 30 منٹ دورانیے کی مختصر فلم نقاب کو 26 فروری کو ریلیز کیا گیا، جس میں فیصل قریشی کی بیٹی حنیش قریشی نے ’’شزا‘‘ نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔

مختصر فلم کی کہانی نمرہ جمیل نے لکھی ہے جبکہ احمد قاسمانی اور محسن علی نے اس کی ہدایات دی ہیں، ٹی ڈی آئی فلمز کی پروڈیوس کردہ مختصر فلم میں حنیش قریشی کے علاوہ ثاقب سمیر، بلال جاوید، انوشے بلال، فیض ریاض کے علاوہ دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

مختصر فلم کی کہانی ایک قتل اور اس کے قاتلوں کی تلاش کے گرد گھومتی ہے، اپنی پہلی ڈیجیٹل فلم کی ریلیز کے موقع پر حنیش قریشی نے انسٹا گرام اسٹوریز میں تصدیق کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ میڈیا اور لوگ انہیں ان کے والد کی وجہ سے زیادہ اہمیت دیتے دکھائی دیئے۔

حنیش قریشی ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں، ماضی میں بھی ان کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا اور شوبز میڈیا کی خبروں کی زینت بن چکی ہیں۔

حنیش قریشی سینئر اداکار کی بڑی بیٹی ہیں جو کہ ان کی پہلی اہلیہ سے ہیں اور فیصل قریشی کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی، فیصل قریشی نے دوسری شادی ثنا فیصل سے 2010 میں کی تھی، جن سے بھی انہیں 2 بچے، ایک بیٹی آیت اور بیٹا فرمان قریشی ہیں۔

پرویز الٰہی کے دست راست محمد خان بھٹی بلوچستان سے گرفتار

Back to top button