بشریٰ بی بی، ارسلان خالد کی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے درخواست دائر
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، درخواست میں ایف آئی اے سائبر کرائم سے آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کو عدالت بلا کر ویڈیو سے متعلق وضاحت طلب کرے۔
درخواست گزار کے مطابق آڈیو درست ثابت ہونے پر بشریٰ بی بی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، آڈیو لیک کرنے سے افراد کی نجی زندگی میں مداخلت کی گئی آڈیو لیک ہونے سے پاکستان کی کلچرل، سوشل اور بین الاقوامی ساخت متاثر ہوئی۔
درخواست میں یہ موقف بھی اپنایا گیا کہ آڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف قانون کی مطابق کارروائی کی جائے، پاکستان میں سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے کوئی قانون موجود نہیں ہے جس سے سوشل میڈیا پر مواد سے پاکستان کی اندرونی اور بیرونی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی سوشل میڈیا رجسٹریشن کے حوالے سے اقدامات کریں، درخواست وکیل محمد آصف گجر کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔
درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، چیئرمین پیمرا اور پی ائی ڈی کو فریق بنایا گیا ہے اس کے ساتھ ایف آئی اے، انٹیلیجنس بیورو اور سٹیٹ بنک کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے ۔