بونگی باز آنٹی عوام کو ماموں بنانے پر شدید تنقید کی زد میں

حکومتی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان عرف بونگی آنٹی تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیے کا نمائشی فوٹو شوٹ کرواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد عوام کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں سندس فاؤنڈیشن کی جانب سنیئر صحافی منو بھائی مرحوم کی برسی کے موقع پر تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران ٹی وی سکرینوں پر دکھایا گیا کہ فردوس عاشق اعوان نے تھیلیسیمیا کے بچوں کے لئے باقاعدہ خون عطیہ کیا اور پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ بھی ان کی طرح تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی زندگی بچانے کے لئے ضرور اپنا خون عطیہ کریں۔
تاہم کچھ ہی دیر بعد ایک ویڈیو سے یہ انکشاف ہوا کہ بونگی آنٹی کا خون کا عطیہ محض ایک ڈرامہ اور فوٹوشوٹ کی حد تک تھا۔ حقیقت یہ تھی کہ فردوس عاشق نے تو تھیلیسیمیا کے بچوں کے لئے خون کا ایک قطرہ بھی نہیں دیا بلکہ الٹا اس بات کی تسلی کرتی رہیں کہ کہیں واقعی ان کا خون تو نہیں نکالا جا رہا۔ دراصل جب ان سے خون دینے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے آخری دفعہ خون 15 سال پہلے دیا تھا۔ آپ کو تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے صحت مند خون کی ضرورت ہے۔ میرا خون ان کے کام کا نہیں۔ لہذا آپ لوگوں کو دکھانے کے لئے اور ٹی وی پر چلانے کے لئے میرے بازو پر نیڈل لگی دکھا دیں اور خون سے بھرا ہوا کوئی بیگ ساتھ رکھ دیں تاکہ لوگوں کو یہ پتا ہو کہ میں نے خون کا عطیہ کیا ہے۔ چنانچہ اس موقع پر موجود ڈاکٹر نے کچھ ایسا ہی کیا لیکن بونگی آنٹی کی بد قسمتی کہ یہ سب کچھ ان کی گفتگو سمیت ایک موبائل فون پر ریکارڈ ہو گیا جسے بعد میں سوشل میڈیا پر ڈال دیا گیا۔
اس واردات کا انکشاف ہونے پر سینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ایک طرف حکمران بڑی محنت سے خون پسینہ بہا رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر طرف قوم کا خون چوسنے کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ سلیم صافی نے فردوس عاشق کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ جھوٹ موٹ خون عطیہ کر رہی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ان کا خون لینے کیلئے بلڈ بیگ لایا گیا تو یہ پہلے ہی خون سے بھرا ہوا تھا۔ جب پیرا میڈیکل سٹاف جھوٹ موٹ فردوس عاشق کا خون نکالنے لگے تو وہ حیرت سے کہنے لگیں آپ تو سچ مچ میرا بلڈ نکالنے لگے ہیں۔ جس پر انہیں تسلی دی گئی کہ نہیں یہ سب محض ڈرامہ ہے۔
اس دوران ایک شخص نے کہا کہ میڈم یہ ہم اپنے بروشر کیلئے لگا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو دکھایا جاسکے۔ یوں فردوس عاشق اعوان کی ایک اور بونگی سے ڈرامہ باز حکومت کا ایک اور ڈرامہ بے نقاب ہوگیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسی طرح ہر معاملے میں خون سے بھرے ہوئے بیگ دکھا کر قوم سے جھوٹ بولا جارہا ہے۔
