بچے کی پیدائش پروالدہ کو6اور والد کو 3 ماہ کی رخصت، بل سینیٹ سے منظور

سینیٹ نے بچے کی پیدائش کے وقت ماں اور باپ کی چھٹیوں سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے.
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرۃ العین نے مدریت اور پدریت رخصت کا بل پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے وقت نوکری پیشہ والدہ کو 6 ماہ جبکہ والد کو 3 ماہ کی تنخواہ سمیت رخصت دی جائے۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ والدہ کو 3 ماہ اور والد کو ایک ماہ کی بغیر تنخواہ کے اضافی چھٹی بھی دی جائے، اگر ملازمت دینے والا ادارہ ملازمین کو چھٹی نہیں دیتا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے قانون میں 90 دن میٹرنٹی لِیو دی جاتی ہے، پیٹرنیٹی لیو کو کم کرکے 15 دن کیا جائے۔ حکومت کی مخالفت کے باجود سینیٹ میں بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں بچوں کے لازمی ٹیکے اور ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کا بل بھی متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔
سینیٹ میں بل سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی جانب سے پیش کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ والدین بچے کے 6 ماہ کے ہونے سے قبل اس کے بنیادی ٹیکوں کا کورس مکمل کروائیں۔
بل کے مطابق میڈیکل آفیسر بچے کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ جاری کرے گا، سرکاری ہیلتھ ورکر ویکسینیشن کی کوئی فیس نہیں لے گا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن نہ ہونے پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) بچے کو فارم ’ب‘ اور پیدائشی سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کرے گا اور کوئی مدرسہ یا اسکول بچے کو اس وقت تک داخلہ نہیں دے گا جب تک کہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ مہیا نہ کیا جائے۔ بل میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہیلتھ ورکرز کو سیکورٹی فراہم کرے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانہ اور قید کی سزائیں بھی تجویز کی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button