بڑی عید پر کن دو پاکستانی فلموں میں سپر ہٹ کا مقابلہ ہوگا؟


پاکستانی فلم انڈسٹری میں بھی مقابلے کی فضا جنم لینے لگی ہے جس کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں عید پر ریلیز ہونے والی دو پاکستانی فلموں میں بڑا مقابلہ ہونے جا رہا ہے، ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کی فلمیں عید پر سینما گھروں کی زینت بنیں گی، لیکن ان دونوں فلموں میں واحد فرق خلیل الرحمٰن قمر ثابت ہو سکتے ہیں۔

کرونا کے حملے کے بعد اب دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی نارمل زندگی شروع ہو چکی ہے۔ دنیا کے موج میلے پھر شروع ہو چکے، کھیل کے میدان آباد ہوگئے، شائقین جوق در جوق سٹیڈیم میں آتے ہیں، اسی طرح سنیما گھر اور تھیٹر بھی آباد ہو چکے ہیں، بد قسمتی سے پاکستانی سینما کرونا سے پہلے ہی ایک اور وبا کا شکار ہو کر زوال پذیر تھا جو جہالت اور حکومتی عدم سرپرستی کی تھی۔ پچھلے چند سالوں میں کراچی کے پڑھے لکھے نوجوانوں نے پاکستان کے سنیما کو پھر سے آباد کرنے کی جو جہدوجہد شروع کی، اسے کرونا کے دو سالوں میں شدید نقصان پہنچا مگر اب یہ جہدوجہد پھر سے شروع ہو گئی ہے۔ پہلے عید الفطر پر فلمیں ریلیز ہوئیں اور اب عید الاضحیٰ پر پھر کئی اچھی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں، لیکن جو بڑا مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے وہ دو فلموں کے درمیان ہے۔ پہلی فلم ‘لندن نہیں جاؤں گا’ ہے اور دوسری ‘قائد اعظم زندہ باد’ ہے۔

لندن نہیں جاؤں گانامی فلم کی کاسٹ پاکستانی سینما کی سب سے کامیاب کاسٹ ہے۔ سپر اسٹارز ہمایوں سعید اور مہوش حیات، ہدایت کار ندیم بیگ، قلم کار خلیل الرحمٰن قمر۔ یاد رہے کہ خلیل قمر پاکستان کے واحد لکھاری ہیں جو بیک وقت ٹیلی ویژن اور فلموں دونوں میں کامیاب ہوئے ہیں، اس سے پہلے ٹیلی ویژن اور فلموں کے رائٹر الگ الگ ہوتے تھے جیسے ٹیلی ویژن کے امجد اسلام امجد، فاطمہ ثریا بجیا اور فلم کے ناصر ادیب ریاض شاہد مگر خلیل الرحمٰن قمر نے یہ روش بھی بدل دی ہے۔

دوسری جانب ہدایت کار ندیم بیگ ‘جوانی پھر نہیں آنی’، اور ‘پنجاب نہیں جاؤں گی’ جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔ یہ انکی چوتھی فلم ہے، ہمایوں سعید بھی بیک وقت ٹیلی ویژن اور فلموں میں یکساں مقبول ترین ہیں، اس فلم کی ہیروئن مہوش حیات ہیں۔

مقابلے میں دوسری فلم قائد اعظم زندہ باد ہے جو رائٹر اور ڈائریکٹر نبیل قریشی اور فہد مصطفیٰ کی کامیابی کا تسلسل ثابت ہو سکتی ہے، اس سے پہلے یہ دونوں نامعلوم افراد، ایکٹر ان لا اور لوڈ ویڈنگ جیسی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں، اس بار ان کے ساتھ ماہرہ خان بھی ہیں، یعنی بڑی عید پر اصل مقابلہ ہمایوں سعید اور مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی جوڑیوں کے مابین ہونے جارہا ہے۔ لہذا دیکھنا یہ ہے کہ کون سی جوڑی کامیاب ہوتی ہے؟

Back to top button