بھارتی ایکٹرس جیکلین فرنینڈز کی گرفتاری کا خدشہ


آج کل اداکار سلمان خان کی بہترین دوست سمجھی جانے والی بھارتی اداکارہ جیکلین فرنینڈز کے سر پر منی لانڈرنگ کے الزامات کے بعد گرفتاری کی تلوار لٹکنے لگی ہیں اور بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے جا سکتی ہیں۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ شاید اب جیکولین اداکار سلمان خان کے ساتھ ان کی نئی فلم ‘دا بنگ’ کے ٹور پر سعودی عرب بھی نہ جا سکیں کیونکہ ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگنے اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈلنے کے امکانات پیدا یو گے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  9 دسمبر کے روز راجستھان میں سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ کترینہ کیف کی اداکار وکی کوشل سے شادی ہونے جا رہی ہے جبکہ 10 دسمبر کو سلمان خان کی فلم ‘دا بنگ’ کی کاسٹ سعودی عرب میں ریاض کا دورہ کر رہی ہے اور جیکلین فرنینڈز کو اس ٹور کا حصہ ہونا تھا۔ سلمان خان نے جب اس ٹور کا اعلان کیا تو جیکلین فرنینڈز بھی پوسٹر میں موجود تھیں اور کیپشن میں ان کا نام بھی لکھا تھا۔
تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اب وہ یہ ٹور کر سکیں گی؟
واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز سے بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے حال ہی میں منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں بطور گواہ پوچھ گچھ کی تھی۔ انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جیکلین سے یہ تفتیش ایک فراڈیے کے طور پر مشہور سکیش چندر شیکر نامی شخص سے تعلق اور اسکی کروڑوں روپے کی بھتہ خوری کے کیس میں کی گئی۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 36 سالہ اداکارہ کے حوالے سے بتایا کہ سکیش چندر شیکر کے خلاف کیس میں ان سے بطور گواہ تفتیش کی گئی ہے۔‘ اس سے پہلے اس برس 24 اگست کو تحقیقاتی ایجنسی نے کہا تھا کہ اس نے چنئی میں ایک بنگلہ، 82 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور درجنوں لگژری گاڑیاں قبضے میں لی ہیں۔ یہ کیس دہلی پولیس کے مالی بے ضابطگیوں کی نگرانی کرنے والے ونگ اور دیگر کی جانب سے مبینہ دھوکہ دہی اور 200 کروڑ روپے کی بھتہ خوری پر سکیش کے خلاف دائر مقدمے پر مبنی ہے۔
اس سے قبل اس سال اکتوبر میں کینیڈین نژاد انڈین اداکارہ نورا فتحی بھی 200 کروڑ روپے کے غبن کے کیس میں دہلی میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے پیش ہوئی تھیں۔ غبن اور بھتہ خوری کے اس کیس میں دو ملزمان چندرا شیکھر اور ان کی اہلیہ غیر معروف اداکارہ لینا پال پہلے سے ہی گرفتار ہیں۔ نورا فتحی کو پہلے سے گرفتار جوڑے سے مبینہ تعلق پر پوچھ گچھ کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ جیکولین سلمان خان کے ساتھ سعودی عرب جا پاتی ہیں یا نہیں؟

Back to top button