ماڈل نتاشا حسین کی پہلی شادی کیوں ناکام ہوئی تھی؟

ماضی کی مشہور سپر ماڈل اور اداکارہ نتاشا حسین نے انکشاف کیا یے کہ انکی پہلی شادی 25 برس پہلے ناکام ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے حسین عباس سے دوسری شادی کی تھی۔ نتاشا حسین نے بتایا کہ انھوں نے اپنی شادی کی 25 ویں سالگرہ چند روز پہلے ہی منائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی شادی ناکام ہونے کی وجہ ان پر شوہر کی جانب سے شوبز سرگرمیوں میں حصہ لینے پر لگائی جانے والی پابندی تھی۔
یاد رہے کہ نتاشا حسین کا شمار ماضی کی مشہور ماڈلز میں ہوتا، انہوں نے ماڈلنگ کے بعد کچھ عرصہ پروگراموں کی میزبانی کی اور بعد ازاں اداکاری بھی کی۔ نتاشا حسین نے حال ہی میں اداکار نعمان اعجاز کے شو ’جی سرکار‘ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ زندگی پر بھی کھل کر باتیں کی۔ نتاشا حسین نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر پر پہلی بار کھل کر بات کی اور کہا کہ انہوں نے اداکاری شروع کرنے میں کافی دیر کر دی حالا کہ وہ چاہتیں تو بہت پہلے اس طرف آ سکتی تھیں۔
نتاشا کا کہنا تھا کہ ماڈل کی عمر بہت کم ہوتی ہے، انہیں بطور ماڈل صرف 5 سال تک کام کرنا تھا مگر انہوں نے 8 سال تک کام کیا اور بعد میں ٹی وی پر میزبانی کا آغاز کر دیا۔
نتاشا حسین کے مطابق انہیں اداکاری کی فیلڈ میں لیٹ انٹری کے باوجود اچھے اور مرکزی کردار مل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انہیں اپنی بیٹی تانیہ حسین کے ساتھ بھی کام کرنے کی پیش کش ہوئی جو انہوں نے قبول کر لی ہے اور دونوں جلد ہی ایک ساتھ دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے کرداروں سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ نتاشا حسین نے بتایا کہ ان کی دوسری اور چھوٹی بیٹی ابھی 15 برس کی ہیں اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ بھی اداکاری یا ماڈلنگ کی دنیا میں آئیں گی یا نہیں؟ اپنی بڑی صاحبزادی کی جانب سے اداکاری کرنے کے سوال پر نتاشا نے شوہر عباس حسین کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بیٹی کی شوبز میں انٹری پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اسی دوران انہوں نے بتایا کہ دراصل وہ اپنے شوہر کے تعاون سے ہی اداکاری کی دنیا میں آئیں، اور وہ اس معاملے میں ان کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
نتاشا حسین نے اسی دوران انکشاف کیا کہ عباس حسین سے ان کی دوسری شادی ہے، ان سے قبل ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انکی پہلی شادی بہت تھوڑا عرصہ چلی اور شوہر کی پابندیاں کی وجہ سے ناکام ہو گئی، جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی کی اور عباس حسین نے انہیں شوبز میں کام کرنے کی مکمل خودمختاری دی۔
یاد رہے کہ نتاشا حسین نے جون 2021 مین شادی کی 25 ویں سالگرہ منائی تھی، ان کی بڑی صاحبزادی تانیہ حسین نے سال 2018 میں 20 سال کی عمر کو پہنچ کر اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
