بھارتی سکھ گلوکار سدھو کا قاتل امریکہ سے گرفتار ہو گیا

بھارتی پنجاب کے معروف سکھ گائیک اور نوجوانوں کی دلوں کی دھڑکن سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے  گینگسٹر ’’گولڈی برار‘‘ کو امریکہ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بھارتی پنجاب کے گائوں مانسا میں سدھو موسے والا کے والدین اور ان کے مداح گزشتہ کئی ماہ سے اسکے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے جدوجہد کر رہے تھے جوکہ آخر کار رنگ لے آئی ہے۔ پولیس نے سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو کیلفورنیا سے گرفتار کیا ہے، گولڈی برار کو 20 نومبر کو حراست میں لیا گیا۔ بھارتی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے حال ہی میں کینیڈا سے امریکہ کا سفر کیا تھا کیونکہ اسے کینیڈا میں شدید خطرات لاحق تھے۔

 

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ گولڈی برار سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے امریکا منتقل ہو گیا تھا جہاں وہ ریاست کیلیفورنیا کے مختلف شہروں میں رہائش اختیار کرتا رہا تاہم پولیس نے اسے دھر لیا۔بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ’ایک ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے میں آپ کو یہ ایک مصدقہ خبر دے رہا ہوں کہ گولڈی برار امریکا میں گرفتار ہو گیا ہے۔

 

خیال رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر 30 گولیاں برسا کر انہیں قتل کر دیا تھا جبکہ گولڈی برار نے فیس بُک پوسٹ کے ذریعے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔لارنس بشنوئی گینگ کا سربراہ پہلے ہی بھارتی پولیس کی حراست میں ہے جبکہ قتل میں ملوث کئی ملزمان بھی پولیس کی حراست میں سدھو کے قتل کا اعتراف کر چکے ہیں۔

Back to top button