بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے عاطف اسلم کا ایک اور گانا

بھارتی فلم انڈسٹری میں تین سال کے وقفے کے بعد دوبارہ انٹری ڈالنے والے معروف گلوکار عاطف اسلم نے ایک بھارتی پنجابی فلم ’لوَر‘ کے لیے گایا ہے جوکہ جلد ریلیز ہونے والی ہے۔
’رنگریزہ‘ نامی گانا یوٹیوب پر ریلیز ہوتے ہی پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں ٹرینڈ کرنے لگا ہے، اور بھارتی شائقین سپر اسٹار کی واپسی پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ عاطف اسلم کا نیا گانا ریلیز کے بعد 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں یوٹیوب پر 20 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ پاکستانی گلوکار کے بھارتی مداحوں نے ٹوئٹر پر اس گانے اور عاطف اسلم کی واپسی کو بھرپور انداز میں سراہا، اس گانے کا ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر مسلسل ٹرینڈ کررہا ہے۔
ان کی واپسی پر بھارتی مداح خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عاطف اسلم کا کھلے دل سے استقبال کررہے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ سمجھا جارہا تھا کہ ان کا کیریئر یہاں ختم ہوگیا لیکن آج بھی یہاں عاطف اسلم کے نام کا ہی سکہ چلتا ہے، خوش آمدید عاطف اسلم‘۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے عاطف اسلم کے ایک مداح نے نشاندہی کی کہ عاطف اسلم کا یہ گانا اس وقت ٹوئٹر پر 3 ملکوں میں ٹریند کر رہا ہے۔ بعض صارفین نے عاطف اسلم کے اس نئے گانے کی تعریف کرتے ہوئے اس گانے کو عاطف اسلم کی سخت محنت اور ان کے مداحوں کے 3 سال کے صبر کا نتیجہ قرار دے دیا۔
پاکستانی شائقین کی جانب سے بھی عاطف اسلم کی نئے گانے کے ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور گانے کو بھی بے پناہ سراہا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث 2016 میں بھارتی پروڈیوسرز نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
