بھارت سے کھیلیں یا نہ کھیلیں کوئی فرق نہیں پڑتا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی دوٹوک موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا نقصان ضرور ہوتا ہے مگر اب ان کے ساتھ کھیلنا ہماری سوچ میں بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے کھیلیں یا نہ کھیلیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بی سی سی آئی نے دو تین دفعہ وعدہ کرکے سیریز نہیں کھیلی، بھارتی کرکٹ بورڈ اعتبار کے قابل نہیں ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ مستقبل قریب میں بھی انڈیا کے ساتھ کرکٹ سیریز کی بحالی پر بھی اعتبار نہیں کیا جاسکتا، اگر سیریز سے متعلق کوئی مثبت چیز سامنے آئی تو دیکھ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ آئی سی سی ایونٹس اور ایشیاء کپ کے میچز کھیلتے رہیں گے، کھیل میں سیاست نہیں آنی چاہیے، پی سی بی کا دوطرفہ سیریز سے متعلق میڈیا رائٹس کنٹریکٹ تنسیخ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2023 تک انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز کھیلنی ہیں، تمام سیریز کو مارکیٹ کرنا بہت بڑا چیلنج ہو گا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انگلینڈ کے براڈکاسٹرز بھی اس صورت حال میں پریشان ہیں، دیگر اسپورٹس براڈ کاسٹرز بھی معاشی بوجھ تلے ہوں گے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ نئے کنٹریکٹ میں پی سی بی کو اتنے پیسے نہ مل سکے جو پہلے ملتے تھے، ایسی صورت حال میں ہمیں متبادل بھی دیکھنا ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button