بھارت میں پاکستانی ویب سیریز ’’سیوک‘‘ پر پابندی کیوں؟

اکثر پاکستان میں بھارتی فلموں اور ڈراموں پر پابندی عائد کی جاتی ہے لیکن اب ایک پاکستانی سیریز "سیوک” یا خدمتگار کو بھارت میں بین کر دیا گیا ہے، نہ صرف اس سیریز پر پابندی لگائی گئی ہے بلکہ اسے نشر کرنے والے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی سٹریمنگ کو بھی بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، پاکستانی پروڈکشن میں بننے والی اس ویب سیریز میں بھارتی فوج کے جموں و کشمیر میں مظالم کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

بھارتی حکام نے "سیوک” نامی فلم پر اعتراض کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس میں حساس تاریخی واقعات کو غیر مناسب انداز میں پیش کیا گیا۔ انڈیا کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ وہ اپنے ہنگامی اختیارات کو استعمال کرتے اس ٹی وی سیریز کی ریلیز کو ہر طرح کے پلیٹ فارم پر نشر ہونے سے روک دے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیوک نامی پاکستانی فلم انڈیا کی سلامتی، دفاع، ریاست اور سالمیت کے ساتھ ساتھ داخلی انتشار پیدا کر سکتی ہے۔ اس شک کا اظہار بھی کی گیا ہے کہ پاکستان نے ’ایک سازش کے تحت اس کی پہلی قسط 26 نومبر کو ریلیز کی جب 2008 میں ممبئی میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے۔

سیوک نامی وی  سیریز کی پہلی قسط کے آغاز میں انڈین پرچم اور اشوک چکر کو جلتے ہوئے دکھایا گیا جبکہ حساس تاریخی واقعات جیسے آپریشن بلیو سٹار، بابری مسجد اور سمجھوتہ ایکسپریس حملے جیسے واقعات کے علاوہ ستلج جمنا لنک کنال کو متنازعہ دکھایا گیا، پابندی عائد ہونے کے بعد اظہار خان نے شدید حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "سیوک” کو ریلیز کرنے والا ‘وڈلی’ ایک کمرشل ادارہ ہے جو انٹرٹینمنٹ کا مواد خود بھی تخلیق کرتا ہے۔ ہمیں پابندی پر حیرت اور افسوس ہوا، جو حکومت ملک میں اظہارِ رائے کی آزادی پر مستقل بات کرتی ہے اور معلومات تک رسائی کے حق کو تسلیم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے وہ اب یہ کام کرے گی، بتایا جاتا ہے کی سیوک فلم اعترافات اور حقیقی زندگی کے سچے واقعات کو بنیاد بنا کر لکھی اور بنائی گئی۔ جو اسے دیکھے گا وہ حقیقی کہانی سنائے جانے کا معترف ضرور ہوگا۔

دوسری جانب سیوک کے مصنف ساجی گُل نے کہا کہ انہیں انڈیا کی اس حرکت پر ہنسی آ رہی ہے کیونکہ آج کے ڈیجیٹل دور میں پابندی لگانا ممکن نہیں۔ ساجی گل کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نے ایک طرح سے سیریز کی مفت  تشہیر کر دی جو اچھی بات ہے۔ سیوک کو پہلے پاکستان میں بھی اتنے لوگ نہیں دیکھتے تھے اور اس پلیٹ فارم سے لاعلم تھے مگر اس پابندی سے سب کو علم ہو گیا۔ ساجی گُل کے مطابق ‘سیوک’ میں پیغام دیا گیا کہ مذہب کا سیاسی استعمال غلط ہے جیسے بی جے پی اور آر ایس ایس استعمال کرتی ہے۔ سیوک نامہ سیریز کی کُل آٹھ اقساط ہیں جن میں سے تین نشر ہو چکی ہیں، اس کی پہلی قسط یوٹیوب پر مفت موجود ہے، سیوک کے اہم کرداروں میں عدنان جعفر، عمارہ ملک، ہاجرہ یامین، محسن عباس حیدر اور نیر اعجاز  شامل ہیں، اس کی ہدایات انجم شہزاد کی ہیں۔

Back to top button