سال 2022میں کونسی شوبز شخصیات نے شادیاں کیں؟

سال 2022 میں جہاں کئی شوبز شخصیات کی شادیاں طلاقوں پر ختم ہوئیں، وہیں درجنوں شوبز شخصیات نے نئی زندگیاں بھی شروع کیں۔
پاکستانی ماڈل اور اداکارہ اریبہ حبیب نے سال 2021 کے آخری دن نکاح کرکے جہاں نئی زندگی کا آغاز کیا تھا، وہیں انہوں نے 2022 کے آغاز میں ولیمے کی تقریب منعقد کرکے شادی کو یادگار بنایا تھا۔ اداکار آرز احمد اور حبا بخاری نے سال نو کے پہلے ہی ہفتے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ خوبصورت اداکارہ سجل علی کی بہن اداکارہ صبور علی اور علی انصاری نے بھی سال 2022 کے پہلے ہفتے میں شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی اداکارہ مینا طارق نے بھی دیرینہ دوست عمران شیخ سے سال 2022 کے پہلے ہی مہینے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔
سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کرنے والے سٹارز کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر نے نکاح کے ایک سال بعد جنوری 2022 میں شادی کی تھی۔مذہبی اسکالر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں خود سے 31 برس کم عمر دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی۔ عامر لیاقت جون میں انتقال کر گئے تھے لیکن اس سے پہلے ان کی تیسری اہلیہ نے خلع کا دعویٰ دائر کر دیا تھا۔
پاکستانی نژاد جرمن ماڈل صوفیا خان اور فیا خان نے روایتی انداز میں شادی کرنے کے تین سال بعد ترک نژاد شوہر کے ساتھ مارچ 2022 میں جرمنی میں کورٹ میرج کی۔ اداکارہ مریم نفیس نے مارچ 2022 میں اپنے دیرینہ دوست فوٹوگرافر امان احمد کے ساتھ شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ ’میرے پاس تم ہو، غلطی، خدا اور محبت‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہربانو نے اکتوبر 2022 میں شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا، انہوں نے خاموشی سے کیپشن کے بغیر شادی کی تصاویر شیئر کرکے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی تھی۔ ’لندن کانفیڈنشل، گولڈ، رومیو، اکبر والٹر اور دبنگ‘ جیسی فلموں میں جلوہ گر ہونے والی بولی وڈ اداکارہ مونی رائے نے جنوری 2022 میں شادی کی تھی۔
بولی وڈ اداکار فرحان اختر اور فیشن ڈیزائنر شبانی ڈنڈیکر نے فروری 2022 میں شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ بولی وڈ اداکارہ شیتل ٹھاکر اور اداکار وکرانت میسے بھی فروری 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھے۔ماڈل و اداکارہ کرشمہ تنا اور اداکار رون بنگرا نے بھی دوسری شخصیات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سال 2022 کے دوسرے مہینے میں شادی کی۔ بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ نے 14 اپریل کو شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔
بھارتی ایوارڈ یافتہ گلوکار و موسیقار اے آر رحمٰن کی بیٹی گلوکارہ خدیجہ رحمٰن نے مئی 2022 میں شادی کرکے نئی زندگی شروع کی۔بولی وڈ اداکارہ ریچا چڈا اور اداکار علی فضل نے بھی اکتوبر 2022 میں شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔بولی وڈ کی خوبرو سندھی اداکارہ ہنسیکا موٹوانی نے سال 2022 کے اختتامی مہینے دسمبر کے پہلے ہفتے میں دیرینہ دوست سہیل کتھوریا سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔
امریکی پاپ اسٹار و اداکارہ 40 سالہ برٹنی اسپیئرز نے جون 2022 میں اپنے ایرانی نژاد امریکی دیرینہ دوست صام اصغری سے شادی کرکے نئی زندگی شروع کی۔ بھارتی نژاد امریکی اداکار و کامیڈین عزیز انصاری نے بھی جون 2022 میں اپنی دیرینہ گرل فرینڈ فورینزک ڈیٹا سائنسدان سرینا سکوو سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز اور ہولی وڈ اداکار بین ایفلک نے پہلی شادی ختم ہونے کے 20 سال بعد ایک دوسرے سے جولائی 2022 میں دوبارہ شادی کی۔
