شہباز شریف کی ریاض ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اعلان

وزیراعظم نے شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کو ناقابل قبول قرار دے دیا، حملے فوری روکنے اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسے پُرتشدد اقدامات علاقائی امن اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کرنے والے حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کی حمایت کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دیرینہ وابستگی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔

Back to top button