فیصل آباد میں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں ملزم گرفتار، پولیس مقابلے میں زخمی

نازیبا حرکت کی ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمہ درج، گرفتاری کے لیے چھاپے کے دوران مبینہ فائرنگ کا تبادلہ، ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا

فیصل آباد: خواتین کو ہراساں کرنے اور گلی میں نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک ملزم کو مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق خواتین کو ہراساں کرنے کا واقعہ 29 ستمبر کو پیش آیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد 10 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی کے بعد ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، تاہم اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم مدعیہ کا رشتہ دار ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گھریلو تنازع کے باعث پولیس کو اطلاع دینے پر ملزم نے خاتون کو دھمکیاں دیں اور مبینہ طور پر نازیبا حرکت کی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مزاحمت اور پولیس مقابلے کے الزام میں ایک اور مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

Back to top button