سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہاؤس سے گرفتار، حالات کشیدہ

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مردان میں لانگ مارچ سے خطاب کے بعد سہیل آفریدی واپس وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئے تھے، جہاں انہوں نے ایمرجنسی اور گورنر راج کے حوالے سے قانونی مشاورت کے لیے وزیر قانون آفتاب عالم اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل کو طلب کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق رات کو کور کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں اتفاق کیا گیا کہ ان کے مطالبات آئین کے مطابق ہیں اور ان پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وہ بھی دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، تاہم اس کے طریقۂ کار پر اختلاف ہے۔

ذرائع کے مطابق جنید اکبر اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو آج دن میں گرفتار کیا گیا، جس کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک نے بھی کی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کی بجلی اور ٹیلی فون کے کنکشن منقطع کردیے گئے اور دونوں کو وہیں سے گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب پشاور میں ریڈ زون سیل کردیا گیا، جبکہ داخلی اور خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کردیے گئے۔ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی۔پی ٹی آئی کی پشاور میں احتجاج کی کال پر 10 سے 15 کارکنوں نے باچا خان چوک پر احتجاج کیا، تاہم پولیس نے انہیں فوری طور پر منتشر کردیا۔

Back to top button