ترکیہ انتخابات: دنیا کے طویل القامت مرد اور خاتون نے کیسے ووٹ ڈالا؟

ترکیہ کے صدراتی اور پارلیمانی انتخابات میں دنیا کے طویل القامت مرد سلطان کوسن اور دنیا کی سب سے قد آور خاتون رومیسا گیلجی نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔

اتوار کو ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات ہوئے جن کے نتائج بھی مکمل ہوگئے ہیں۔ صدارتی انتخابات میں صدر اردوان نے 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے اور وہ 49.50 فیصد ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہے۔

ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر رہے۔ کسی بھی امیدوار کی جانب سے 50 فیصد ووٹ نہ لینے کے باعث اب پہلے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا اور 28 مئی کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔

انتخابات میں جہاں ترک عوام نے ووٹ کاسٹ کیا وہیں ترکیہ سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے قد آور خاتون رومیساگیلجی اور دنیا کے سب سے  طویل القامت مرد سلطان کوسن نے بھی ووٹ ڈالا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے طویل قد کی وجہ سے رومیساگیلجی کو چلنے میں دشواری ہوتی ہے اور وہ  وہیل چیئر کی مدد لیتی ہیں یہی وجہ ہے کہ  وہ  ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن تک نہیں جا سکیں لیکن ان کی آسانی کے لیے صوبہ قراقل میں بیلٹ باکس ان کے گھر لایا گیا جہاں انہوں نے ووٹ ڈالا۔

24 سالہ رومیسا کو ویور سینڈروم(Weaver syndrome ) ہے اس عمل میں قد بہت تیزی سے بڑھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق وہ اس وقت دنیا کی طویل القامت خاتون ہیں۔

7 فٹ اور 0.7 انچ کی قد آور خاتون رومیسا نے اکتوبر 2021 میں دنیا کی طویل القامت خاتون کا گنیز ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

Back to top button