’’تیرے بن ‘‘ کی یوٹیوب سے 36 لاکھ ڈالر کمائی

جیو ٹی وی کے مقبول ڈرامہ سیریل ’’تیرے بن‘‘ مقبولیت کے ریکارڈ توڑتے ہوئے یوٹیوب پر بھی دھوم مچا دی ہے جہاں اس کو تین ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، ڈرامہ نے یو ٹیوب سے اب تک 36 لاکھ ڈالر کمائی کی ہے۔

اپنے اختتام کو پہنچے والا ڈرامہ پاکستان میں یوٹیوب اور ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے، گوگل ٹرینڈز کے مطابق اس ڈرامے میں سب سے زیادہ دلچسپی پنجاب، خیبر پختونخوا کے بعد اسلام آباد اور پھر سندھ سے ظاہر کی گئی، وہاج علی اور یمنہ زیدی نے اس ڈرامے میں لیڈ کردار ادا کیا اور دیگر کاسٹ میں بشریٰ انصاری، سبینہ فاروق اور سہیل سمیر شامل ہیں۔

یوٹیوب پر ڈرامے کی اقساط، پروموز اور ڈرامے کے مختلف کلپس کو مجموعی طور پر تین ارب مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، انڈپینڈنٹ اردو کی تحقیق کے مطابق یہ اعداد و شمار تقریبا ٹھیک ہیں۔ انڈپینڈنٹ اردو نے ڈرامے کے حوالے سے 80 فیصد کلپس کا معائنہ کیا جنہیں تقریبا دو ارب، 718 کروڑ بار دیکھا گیا۔

یوٹیوب پر اس خبر کے فائل ہونے تک ڈرامے کی 57 قسطیں اپلوڈ ہو چکی ہیں اور آخری قسط آنا باقی ہے۔ صرف تیرے بن ڈرامے کے گانے کو اب تک یوٹیوب پر 55 ملین مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، تین ارب ویوز کا موازنہ اگر کسی اور پاکستانی مواد سے کیا جائے توجیو ٹی وی کا ہی ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ فی قسط ویوز کے اعتبار سے ’تیرے بن‘ سے آگے ہے۔

ڈرامہ ’’تیرے بن‘‘کی ایک قسط کے اوسط ساڑھے تین کروڑ ویوز ہیں، اسی طرح ڈرامہ ’زندگی گلزار ہے‘ کے فی قسط یوٹیوب پر 14 لاکھ ویوز ہیں، ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی کل 23 اقساط تھیں جن کی فی قسط اوسط 78 لاکھ ویوز ہیں۔ ڈرامہ ’پری زاد‘ کی 30 اقساط کے فی قسط دو کروڑ 64 لاکھ ویوز ہیں۔

یو ٹیوب پر کمائی کا انحصار ویوز کے علاوہ اس چیز پر بھی ہوتا ہے کہ ویوز کس ملک سے آ رہے ہیں اگر ویوز امریکہ یا مغربی ممالک سے آئیں تو زیادہ ڈالرز ملتے ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت سے ویوز پر نسبتا کم کمائی ہوتی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کی تحقیق کے مطابق جیو کی اس ڈرامے سے یوٹیوب پر کمائی کا تخمینہ 36 لاکھ ڈالر کے قریب ہے جو کہ تقریبا ایک ارب روپے بنتے ہیں۔

اس کا موازنہ ایسے بھی کیا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد میں موجود ایک وی لاگر کے یوٹیوب چینل پر گذشتہ ماہ (جون) میں 18 لاکھ ویوز آئے جس پر انہوں نے 2484 ڈالر کمائے۔

اس حوالے سے جب معروف پاکستانی پوڈ کاسٹر اور دی سینٹرم میڈیا (ٹی سی ایم) کے مالک طلحہٰ احد سے رائے لی گئی کہ اس ڈرامے سے کتنا ریونیو جمع کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر ویوز کو دیکھ کر اندازہ لگایا جائے تو یہ 36 لاکھ ڈالرز کے تخمینے کے آس پاس ہی رقم بنتی ہے۔ اس حوالے سے جب جیو گروپ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈیجیٹل توصیف اکرام سے پوچھا گیا تو انہوں نے ڈرامے سے حاصل ہونے والی آمدنی پر بات کرنے سے گریز کیا۔

Back to top button