پی ٹی آئی کی کارکنان سے ہسپتال کے باہر جمع نہ ہونے کی اپیل

پاکستان تحریک انصاف نے کارکنان سے بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی ہسپتال منتقلی کے موقع پر ہسپتال کے باہر جمع نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔

پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج کے مفاد میں ہسپتال کے باہر پُرامن ماحول رکھا جائے، عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں تعاون کیا جائے، کروڑوں پاکستانی کئی ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم سے بہترین طبی سہولیات کے مطالبے کو تقویت ملی، توقع ہے کہ متعلقہ حکام عدالتی احکامات پر من و عن عمل کریں گے، ذاتی معالج اور اہل خانہ کی شمولیت سے طبی تاریخ کا غیر جانبدارانہ جائزہ ممکن ہوگا، پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر فوری اور بلا تاخیر عملدرآمد کا مطالبہ کیاہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی اہل خانہ سے ملاقات یقینی بنائی جائے، مشکل وقت میں قانونی اور انسانی حقوق کا مکمل پاس رکھا جائے ۔

پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بنیادی حق صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کو سراہا، اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم بھی کیا۔

Back to top button