عمران خان کی ہسپتال منتقلی،حکومت کانظرثانی اپیل دائرکرنےکافیصلہ

وفاقی حکومت نےعمران خان کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے علاج کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے علاج کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا گیا ہے اور شفا ہسپتال میں طبی معائنے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ان قوانین کے مطابق نہیں جو سزا یافتہ قیدیوں سے متعلق ہیں، جبکہ عدالت کے حکم کے دیگر نکات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق فیصلہ جاری کیا ہے، تاہم حکومت اس فیصلے پر ازسرنو جائزے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ جیلوں میں بہت سے قیدی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں اور سزا یافتہ قیدیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور اہلخانہ و ڈاکٹروں سے ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔
