ثمینہ پیرزادہ پہلی ہی ملاقات میں عثمان پیرزادہ پر دل ہار بیٹھیں؟

پروڈیوسر و ہدایتکار عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ ثمینہ نے مجھ سے ملاقات کے تیسرے دن ہی شادی کے لیے پرپوز کر دیا تھا، دونوں کی شادی شدہ زندگی کو 48 سال گزر چکے ہے۔عثمان پیرزادہ کو شوبز انڈسٹری میں نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ان کی طرح ان کی اہلیہ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی پی ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا اور دونوں نے متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ اداکاری بھی کی۔حال ہی میں عثمان پیرزادہ کامیڈی شو مذاق رات میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شادی سمیت کیریئر پر کھل کر بات کی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں ایسی خصوصیت ہے کہ وہ لوگوں کو دیکھ کر بتا سکتے ہیں کہ وہ کامیاب اداکار بن سکیں گے یا نہیں؟ شوبز کے 90 فیصد لوگ فالتو ہوتے ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔
شوبز کیریئر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے لاتعداد کردار ادا کیے لیکن کبھی ان پر کسی کردار کا برا یا اچھا اثر نہیں ہوا، وہ کردار کو شوٹنگ سیٹ پر ہی چھوڑ کر آتے تھے جبکہ ان کی اہلیہ کردار کو گھر لے آتی تھیں، عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈراما 1968 میں پی ٹی وی پر نشر ہوا جبکہ ان کی اہلیہ ثمینہ سے پہلی ملاقات راولپنڈی ٹی وی سٹیشن پر ہوئی تھی۔ہدایتکار کا کہنا تھا کہ ثمینہ اور ان کے درمیان پی ٹی وی میں ملاقات ہوئی تھی اور تیسرے ہی دن ثمینہ نے انہیں شادی کی پیش کش کردی تو وہ حیران رہ گئے۔شادی کی پیش کش کے بعد وہ کچھ عرصہ تعلقات میں رہے اور ان کے تعلقات کو نصف صدی گزر چکی ہے جب کہ شادی کو 48 سال کا عرصہ ہو چکا ہے۔سینئر اداکار نے بتایا کہ ان کی سب سے بڑی اچیومنٹ ان کی دو صاحبزادیاں ہیں۔عثمان پیرزادہ کے مطابق شادی کے 12 سال تک ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی جب کہ تاخیر سے اولاد ہوئی تو ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی۔خوش قسمتی سے کچھ عرصے بعد ایک بار پھر ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی اور ان کی بھی خواہش تھی کہ ان کے ہاں صرف دو ہی بچے ہوں۔جب ان کے ہاں دونوں بیٹیاں ہوئیں تو لوگوں نے انہیں کہنا شروع کردیا کہ بیٹا بھی ہونا چاہئے، جس پر وہ لوگوں کو کہتے تھے کہ بیٹے کا کیا کرنا ہے؟
