جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم اور عالم دین مفتی نعیم انتقال کرگئے

جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی نعیم کراچی میں انتقال کرگئے۔مفتی نعیم کے صاحبزادے مفتی محمد نعمان کے مطابق والد دل کے عارضے میں مبتلا تھے انہیں گھر پر دل کا دورہ پڑا، طبعیت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران وہ خالق حقیقی سے جاملے۔
جامعہ بنوریہ کے ترجمان نے مفتی نعیم کے انتقال کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ مفتی نعیم دل اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور آج ساڑھے 8 بجے کے قریب انہیں آغا خان ہسپتال لے جایا گیا۔ترجمان جامعہ بنوریہ نے بتایا کہ مفتی نعیم ہسپتال میں دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے۔مفتی نعیم نے سوگواران میں اہلیہ، 3 بیٹے اور 2 بیٹیوں کو چھوڑا ہے.خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی نعیم کئی روز سے علیل تھے۔ مفتی نعیم کی میت جامعہ بنوریہ منتقل کر دی گئی ہے۔ ان کا نماز جنازہ اتوار کو نماز عصر کے بعد ادا کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق مفتی نعیم کا چند روز قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
واضح رہے کہ مفتی نعیم ملک کے ممتاز مذہبی اسکالرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کیے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔
مفتی نعیم 1955 میں پیدا ہوئے اور 65 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔مفتی نعیم وفاق المدارس العربیہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی تھے اور سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔
واضح رہے کہ 16 جون کو جامعہ ملیہ کالج کے استاد، مذہبی اسکالر اور متعدد کتابوں کے مصنف پروفیسر عطا اللہ حسینی بھی انتقال کر گئے تھے۔ اس سے قبل 6 جون کو نئی دہلی میں جماعت اسلامی ہند کے سینئر رہنما مولانا رفیق احمد قاسمی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے مرحرم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بھی مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مفتی نعیم ملک کے اعلیٰ مذہبی رہنماؤں میں سے ایک تھے اور ان کی عدم موجودگی بہت لمبے عرصے تک محسوس ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مفتی نعیم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ایک ممتاز عالم دین کو کھو دیا ہے اور ان کی اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے خدمات ایک طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔شہباز شریف نے مرحوم کے اہل خانہ اور ان کے طلبہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے جامعہ بنوریہ کے مہتمم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ مفتی نعیم کی پوری زندگی اسلام کی درس و تدریس میں گزری۔گورنر سندھ نے کہا کہ مفتی نعیم نے جامعہ بنوریہ کو عالمی معیار کی درسگاہ بنایا اور ان کی کمی طویل عرصے تک پوری نہیں کی جا سکتی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم باکمال شخصیت کے مالک تھے اور مشکل وقت میں ہمیشہ حکومت کی مدد کی۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ متوفی واقعی ایک قابل قدر مذہبی عالم اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے داعی تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button