زندہ سشانت کو رسوا کرنے والے اب اس کی موت پر فلم بنائیں گے


بالی ووڈ کے فلم سازوں نے اداکار سشانت سنگھ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کردیا ہے جس میں کہانی اس سوال کے گرد گھومے گی کہ آیا انہوں نے خود کشی کی یا انہیں قتل کیا گیا؟
سشانت سنگھ راجپوت کی موت نے بھارتی معاشرے اور فلم نگری کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے، ان کے مداح صدمے سے دوچار ہیں وہیں کئی لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اگرچہ اب تک کی رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ نے خودکشی کی، تاہم پولیس نے ان کے ممکنہ قتل کی تفتیش بھی شروع کر رکھی ہے اور ابتدائی طور پر یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ایسی کیا وجوہات تھیں جن کی بناء پر اداکار نے خودکشی کی۔
پولیس نے کچھ بالی ووڈ فلم سازوں سمیت کچھ اداکاروں کو بھی بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے سمن جاری کر رکھے ہیں۔ پولیس کو بیان ریکارڈ کروانے کے دوران اداکار کے منیجر نے دعویٰ کیا تھا کہ سشانت مالی مشکلات کا بھی شکار تھے اور انہوں نے اپنے باورچیوں اور دھوبی کو خودکشی سے تین دن قبل ہی تنخواہیں ادا کی تھیں۔
تاہم دوسری جانب اداکار کے اہل خانہ نے ایسی خبروں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسی کوئی اطلاع نہیں تھی۔ سشانت سنگھ کی اچانک خودکشی پر ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نامی شخص نے ریاست بہار کے شہر مظفر پور کی عدالت میں سشانت سنگھ کی خودکشی کو قتل قرار دیکر سلمان خان اور کرن جوہر سمیت 8 بالی ووڈ شخصیات کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ سدھیر کمار کا دعویٰ تھا کہ معروف بالی ووڈ شخصیات نے ایسے حالات پیدا کیے کہ سشانت سنگھ راجپوت خودکشی جیسا قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔ اور ایسی ہی بہت ساری افواہیں اور باتیں پھیلنے کے بعد اب بھارتی فلم سازوں نے اس واقعے پر فلم بھی بنانے کا اعلان کردیا۔ سشانت سنگھ کی زندگی اور ان کی جانب سے خودکشی کیے جانے کے واقعے پر بنائی جانے والی فلم کی جلد ہی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔ جسے فلم ساز وجے شیکھر گپتا فلم بنائیں گے۔
فلم کے حوالے سے وجے شیکھر گپتا کا کہنا تھا کہ فلم سشانت سنگھ راجپوت کی سوانح عمری نہیں ہوگی بلکہ ان کی زندگی، جدوجہد اور ان کی جانب سے خودکشی کرنے کے معاملے پر بنائی جائے گی۔ فلم ساز کے مطابق نوجوان اداکار کی خودکشی نے پوری قوم کو جنجھوڑ دیا ہے اور قوم حقائق جاننا چاہتی ہے اور ساتھ ہی فلم انڈسٹری میں آنے کے خواہاں نوجوان اور نئے چہرے شوبز انڈسٹری کا مکروہ چہرا بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ فلم ساز کے مطابق فلم کی کہانی اداکار کی پوری زندگی اور جدوجہد سمیت ان کی خودکشی کے بعد ہونے والی تحقیق کے تناظر میں لکھی جائے گی اور فلم کی تمام کاسٹ نئی ہوگی۔ انہوں نے فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم کہا کہ آئندہ چند ماہ بعد فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔
سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا نام خودکشی یا قتل رکھا جائے گا جب کہ اس کی ہدایات شامک ملک دیں گے۔ فلم کی کہانی اور ڈائیلاگ راکیش کمار لکھیں گے اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس میں سشانت سنگھ کا کردار کون ادا کرے گا؟
خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی سے کیا تھا تاہم انہوں نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔ سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے 12 سالہ کیریئر کے دوران 20 کے قریب ایوارڈز کےلیے نامزد کیا گیا اور انہوں نے 9 ایوارڈز جیتے، انہوں نے بہترین ڈیبیو اداکار، بہترین پاپولر اداکار اور بہترین اداکار کے فلم فیئر، اسکرین ایوارڈ اور زی سائن ایوارڈز جیتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button