جاوید اختر نے ہریتک روشن سے معافی مانگنے پر مجبور کیا

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ یوں تو گزشتہ چند سال سے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کے خلاف آواز بلند کرتی آ رہی ہیں اور وہ ہی پہلی بڑی اداکارہ بنی تھیں جنہوں نے کرن جوہر جیسے بااثر افراد کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔
حال ہی میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بھی انہوں نے کرن جوہر سمیت بالی ووڈ کے بڑے اور بااثر افراد پر تاحال اقربا پروری کو فروغ دینے اور ایسے ماحول بنانے کا الزام عائد کیا تھا جس سے نئے اداکار مایوس ہوکر خودکشی کرلیتے ہیں۔ انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ بولی وڈ کے پروڈکشن ہاؤسز، فلم سازوں اور بڑے اداکاروں نے ایسے حالات پیدا کیے کہ سشانت سنگھ خودکشی پر مجبور ہوگئے۔
اپنے بیان کے بعد انہوں نے ایک شوبز ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ ماضی میں وہ بھی ایسے ہی حالات سے گزر چکی ہیں اور ان کےلیے بھی ایسا ہی ماحول پیدا کیا گیا کہ وہ بھی مجبور ہوکر کوئی بڑا قدم اٹھائیں۔ کنگنا رناوٹ نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں معروف فلم ساز و شاعر جاوید اختر نے انہیں گھر پر بلاکر فلم ساز راکیش روشن اور ان کے بیٹے ہریتک روشن سے معافی مانگنے کےلیے دباؤ ڈالا۔ کنگنا رناوٹ کے مطابق جاوید اختر نے باتوں ہی باتوں میں انہیں دھمکی دی کہ اگر انہوں نے بااثر اداکار و فلم ساز کے خاندان سے معافی نہیں مانگی تو وہ خاندان انہیں جیل بھجوا دے گا یا پھر اس کےلیے ایسے حالات پیدا کردیے جائیں گے کہ ان کے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ جاوید اختر نے انہیں واضح طور پر پیغام دیا کہ انہیں ہریتک روشن اور اس کے خاندان کے خلاف باتیں کرنے کے بجائے ان سے معافی مانگ لینی چاہیے۔
خیال رہے کہ ماضی میں ہریتک روشن اور کنگنا رناوٹ کے درمیان جہاں رومانوی تعلقات رہے ہیں، وہیں ان دونوں کے درمیان 2017 کے بعد شدید اختلافات بھی سامنے آئے اور دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔
کنگنا رناوٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہریتک روشن نے ان سے شادی کا وعدہ بھی کیا لیکن بعد میں مکر گئے۔ اداکارہ کی 2016 کے بعد نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بھی لیک ہوئی تھیں اور کنگنا رناوٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ تصاویر اور ویڈیوز ہریتک روشن نے ہی لیک کی تھیں۔
اداکارہ نے ہریتک روشن کے علاوہ ان کے والد فلم ساز راکیش روشن پر بھی سنگین الزامات لگاتے ہوئے انہیں اقربا پروری کی فیکٹری قرار دیا تھا۔ تاہم ہریتک روشن نے اداکارہ کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان پر بلیک میل کرنے اور عورت کارڈ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ دونوں کے درمیان تلخیاں اس حد تک بڑھ گئی تھیں کہ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف جاسوسی، ذہنی طور پر پریشان کرنے اور بلیک میل کرنے کی پولیس میں شکایات بھی درج کروائی تھیں۔
کنگنا رناوٹ کے تازہ دعوؤں اور الزامات پر تاحال جاوید اختر سمیت ہریتک روشن اور ان کے والد کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔
