قومی بچت اور سروا اسلامک سکیموں کے لیے شرح منافع میں اضافہ

حکومت نے قومی بچت سکیموں اور سروا اسلامک سکیموں کے لیے شرح منافع میں اضافہ کردیا، اضافہ شدہ شرح منافع کا اطلاق کل سے ہوگا۔
سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ/اکاؤنٹ پر پہلے پانچ منافع کے لیے سالانہ شرح بڑھا کر 12.4 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ چھٹے اور آخری منافع کے لیے یہ شرح 13.6 فیصد ہوگی۔
ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ کے تحت مختلف برس کے لیے منافع کی شرح 10 فیصد سے بڑھ کر دسویں سال میں 216 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔
ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ ایک ہزار بیس روپے (12.24 فیصد سالانہ) منافع دیا جائے گا۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر ایک لاکھ روپے کے عوض ماہانہ ایک ہزار ایک سو روپے منافع (13.20 فیصد سالانہ) مقرر کیا گیا ہے۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ صرف بیواؤں، بزرگ شہریوں اور جسمانی معذوری رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ہوگا جبکہ پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ صرف ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ صرف شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے مخصوص ہے۔
