بلوچستان،سکیورٹی فورسز کی کارروائی،14 دہشتگرد ہلاک،ایک فوجی جوان شہید

بلوچستان کے ضلع بسیما میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 8 جون کو بلوچستان کے ضلع بسیما کے علاقے نال میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گرد قریبی واقع پولیس سٹیشن اور بینکوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے معلومات کے حصول پر فوری کارروائی کی اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ختم کرنے کے لیے خفیہ آپریشن شروع کردیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت مؤثر انداز میں روک دی گئی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 14 دہشت گرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیوں اور دھماکا خیز مواد کو موقع پر ہی تباہ کردیا۔
