پشاور،خوارج سے مقابلے میں شہید ایف سی کے6جوانوں کی نمازجنازہ ادا

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حسن خیل کے علاقے میں خوارج سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والےایف سی کے 6 جوانوں کی نمازجنازہ اداکردی گئی۔
پشاور حسن خیل کے علاقے میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکار شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، احسان اور ریاض کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور دلاسہ دیا جبکہ اُن کے بلند حوصلے کو بھی سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکسو ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔
