جبران ناصر نے پہلی اور منشا پاشا نے دوسری شادی کر لی

معروف سماجی کارکن اور قانون دان جبران ناصر اور اداکارہ منشا پاشا بالآخر رمضان کے آغاز سے پہلے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ جبران کی پہلی جبکہ منشا پاشا کی دوسری شادی ہے۔
جبران کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے سے قبل اداکار منشا پاشا نے کاروباری شخص اسد فاروقی سے 2013 میں شادی کی جو کہ 2018 میں اختتام پذیر ہوگئی۔
جبران ناصر اور اداکارہ منشا پاشا کا نکاح اسکالر جاوید غامدی نے ویڈیو کال کے ذریعے پڑھایا۔ نکاح کی سادہ سی تقریب میں انتہائی قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر دولہے نے آف وائٹ رنگ کا کرتا شلوار اور واسکٹ پہن رکھی تھی جب کہ منشا پاشا نے سلور رنگ کا عروسی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ان کے نکاح کی مختصر سی تقریب کراچی میں ایک رشتے دار کے گھر پر منعقد ہوئی۔ جس میں دولہا اور دلہن کے قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے شادی کی تقریب کو نہایت مختصر اور سادہ رکھا گیا اور صرف خاندان کے چند افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ شادی کے بعد ابتدائی طور پر منشا پاشا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے ہاتھوں کی تصویر شیئر کی تھی لیکن جبران ناصر اور اداکارہ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
اب اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جبران ناصر اور منشا پاشا نے زندگی کے نئے سفر کے آغاز سے متعلق بتایا۔ جبران ناصر اور منشا پاشا نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور فالوورز کو شادی کے بندھن میں بندھنے کی اطلاع دی۔
سماجی کارکن و قانون دان جبران ناصر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہم اپنے قریبی عزیزوں کی موجودگی میں گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد وہ دوستوں اور اہل خانہ کےلیے ایک بڑی تقریب کا اہتمام کریں گے۔ جبران ناصر نے بتایا کہ ان کا نکاح اسکالر جاوید احمد غامدی نے پڑھایا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب منشا پاشا نے بھی مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی زندگی کے نئے سفر کی شروعات سے متعلق بتایا۔ اداکارہ منشا پاشا نے مختلف کیپشنز کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور ایک پوسٹ میں اپنا نکاح پڑھانے پر پاکستانی اسکالر جاوید احمد غامدی کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ منشا پاشا اور جبران ناصر نے دسمبر 2019 میں منگنی کی تھی، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا اور عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔ جون 2020 میں منشا پاشا نے انسٹا گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے رب کی شکر گزار ہیں جس نے انہیں اتنا اچھا لائف پارٹنر دیا جو ان کو سمجھتا ہے، ان کا بہترین دوست اور ان کا راز دار ہے۔
یاد رہے کہ منشا پاشا نےکئی ڈراموں کے ساتھ فلم ‘چلے تھے ساتھ’ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا جب کہ سال 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘لال کبوتر’ میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔یہ فلم وینکور انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
دوسری جانب جبران ناصر نے ایک انٹرویو میں منشا پاشا کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ منشا پاشا کے ʼمشکور ہیں کہ انہوں نے ان جیسے شخص کا انتخاب کیا۔ جبران ناصر نے اعتراف کیا کہ جیسی ان کی شخصیت ہے، ان کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل بن جاتا ہے، تاہم وہ منشا پاشا کے مشکور ہیں کہ انہوں نے انہیں جیون ساتھی منتخب کیا اور وہ ان کی محبت کے لائق ہی نہیں تھے۔ منشا پاشا نے بتایا کہ جبران ناصر نے انہیں مکمل آزادی، خودمختاری اور اپنی ذات سے متعلق ہر فیصلہ کرنے کا اختیار دے رکھا ہے اور وہ ان کی ہر اس بات کو بھی سمجھ جاتے ہیں، جس کا اظہار کرنا ان کےلیے مشکل بن جاتا ہے۔ جبران ناصر نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی مطلب نہیں کہ ان کی ہونے والی اہلیہ کس طرح کا کام کرتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی فیلڈز الگ ہے، اس لیے بھی دونوں ایک دوسرے کی ترقی اور تعریف سے نہیں جلیں گے اور انہوں نے منگنی کرنے سے قبل ہی اس حوالے سے سوچا تھا کہ ان دونوں کی فیلڈ الگ ہے، تو زندگی کیسے گزرے گی؟۔
