پی پی اور اے این پی رہنما PDM کے واٹس ایپ گروپ سے بھی فارغ

پاکستان میں اپوزیشن اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں میں اختلافات اور عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے الگ ہونے کے بعد دونوں جماعتوں کے ارکان کو پی ڈی ایم کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
250838 9593617 updates
سوشل میڈیا پر وائرل اسکرین شاٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پی ڈی ایم کے وٹس ایپ گروپ سے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان،راجہ پرویز اشرف اور قمرالزمان کائرہ کو نکال دیا اور عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین کو گروپ سے ریموو کیا ہے۔شیری رحمان نےپی ڈی ایم کے واٹس ایپ گروپ سے نکالے جانے کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد منگل کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو مدعو نہیں کیا گیا۔
250838 9593617 updates 1
پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے واٹس گروپ کا سکرین شاٹ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں لڑائی ہوگئی، پی ڈی ایم کے جنازے کے بعد۔‘
اس پر سانولی نامی ٹوئٹر ہینڈل نے تبصرہ کیا کہ ’کیا یہ اتحاد سینیٹ الیکشن تک کے لیے تھا۔‘
وجیہہ ہلال نے اس پر لکھا کہ ’ہمیں کیوں نکالا‘۔ عدنان صدیقی نے تحریک انصاف کی ایم این اے کو لکھا کہ ’عوام کو اس سے کوئی سروکار نہیں، پلیز عوام کے مسائل پر توجہ مرکوز رکھیں۔‘
شہزاد ملک نامی ٹوئٹر ہینڈل سے تبصرہ کیا گیا کہ ’لو جی واٹس ایپ صحافت کے بعد حاضر ہے واٹس ایپ سیاست، نکالنے چلے تھے پرائم منسٹر کو، نکال رہے ہیں ایک دوسرے کو واٹس ایپ سے۔‘
سردار ارشد نے کنول شوذب کی ٹویٹ کو ریٹویٹ کر کے لکھا کہ ’معذرت کے ساتھ یہ وقت سیاست کا نہیں مری روڈ مکمل طور پر بند پڑی ہے اور حکومت کو عوام کا کوئی خیال نہیں۔‘
آر جے طیبہ نے ٹویٹ کیا کہ ’سب کو نکال دیا، پی ڈی ایم ختم ہو گئی۔‘
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں پی ڈی ایم کے واٹس ایپ گروپ کا ذکر کیا اور کہا کہ ’یہ ظاہر ہے بچگانہ سیاست چل رہی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا آپس میں جھگڑا چل رہا ہے۔ چھوٹے چھوٹے مقاصد کے لیے بنائے گئے اتحاد زیادہ عرصہ نہیں چلتے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button