جب شریف آدمی بدمعاش بنتا ہےتواس سےبڑا بدمعاش کوئی نہیں ہوتا

وفاقی وزیربرائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارت سے کہا ہے کہ امن کے لیے ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جب کوئی شریف آدمی بدمعاش بنتا ہے تو پھراس سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں ہوتا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نریندر مودی پاکستان کو ملیا میٹ کرنے کی باتیں نہ کریں، ہم سربکف ہیں اوراپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی، اگرآپ امن ومحبت نہیں چاہتے تو پھرہمیں لڑنا بھی آتا ہے، بھارت نے رات کے اندھیرے میں جہازبھیجے لیکن ہم نے دن کی روشنی میں جواب دیا۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ہم نے آپ کوجوچائے پلائی تھی ابھی تک اس کی گرمائش محسوس کررہے ہوں گے، اگرآپ آئندہ ایسی حرکت کریں گے تو یہ نہ سوچیں کہ پھرچائے پیش ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں شدت پسند حکومت مسلط ہے، بھارتی وزیراعظم شدت پسند ہیں، ہماری نرمی اور امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، جب کوئی شریف آدمی بدمعاش بنتا ہے توپھراس سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں، اگرآپ امن نہیں چاہیں گے توہمیں پھرلڑنا بھی آتا ہے، دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں جو ہمیں کمزورسمجھنے کی کوشش کرے گا، اسے بھگتنا پڑے گا۔
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک پرہمارا دل رو رہا ہے، مودی حکومت نے 72 سال بعد دنیا کے مسلمانوں اورتمام اقوام کو بتا دیا کہ قائد اعظم بصیرت والے لیڈرتھے، کیا پاکستان نے کبھی کسی شدت پسند جماعت کومنتخب کیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں شدت پسند تنظیم برسراقتدارہے جواپنے لوگوں پرظلم کررہی ہے، 200 دن ہونے والے ہیں، کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، خواجہ آصف کی تقریرپرتحفظات ہیں لیکن کشمیرپر ہم سب متفق ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button