جرمنی میں مسلح شخص کی فائرنگ سے6 افرادجاں بحق

جرمنی کے جنوب مغربی علاقے میں مسلح شخص کی فائرنگ سے6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ‘روٹ ایم سی’ قصبے میں فائرنگ سے6 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے۔ آلن پولیس نے جمعہ کی دوپہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ہلاک افراد کی تعداد کی تصدیق کرتےہوئے کہا کہ فائرنگ کے بعد مشتبہ شخص کو گرفتارکرلیا گیا ہے، فائرنگ ایک شخص نے کی اور اس کا کوئی ساتھی مفررو نہیں ہے۔
پولیس ترجمان روڈولف بیہلمایئر نے جرمن نشریاتی ادارے ‘این ٹی وی’ کوبتایا کہ ‘میری معلومات کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔’ انہوں نے کہا کہ ‘ہم اس وقت یہ فرض کرکے تحقیقات کررہے ہیں کہ حملہ آور ایک ہی تھا۔’ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مشتبہ، جوجرمن شہری تھا، اورایک یا اس سےزائد متاثرین ایک دوسرے کوجانتے تھے۔ پولیس ترجمان نےکہا کہ متاثرین میں سےچند کا تعلق ایک ہی خاندان سےتھا۔ روٹ ایم سی، میونخ سے تقریباً 170 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر2019 میں جرمنی کے شہرہَلےمیں یہودیوں کی عبادت گاہ اورتُرک ریسٹورنٹ کے باہرفائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور گاڑی میں فرارہوگئے۔ تاہم بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ ایک مشتبہ ملزم کو گرفتارکر لیا گیا۔
