جسٹس مسرت ہلالی نے بطورسپریم کورٹ کی دوسری خاتون جج حلف اٹھالیا

جسٹس مسرت ہلالی نے بطور سپریم کورٹ جج اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلا نے شرکت کی۔جسٹس مسرت ہلالی کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 16 ہوگئی ہے جب کہ وہ سپریم کورٹ میں ذمہ داریاں نبھانے والی دوسری خاتون جج ہوں گی، ان سے قبل جسٹس عائشہ ملک نے 24 جنوری 2022 کو سپریم کورٹ میں پہلی خاتون جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔
جسٹس مسرت ہلالی پشاور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس تھیں جب کہ وہ خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون ایڈووکیٹ جنرل بھی رہی ہیں، اس عہدے پر انہوں نے 2001 سے 2004 تک کام کیا۔
انہوں نے یکم اپریل 2023 کو پشاور ہائیکورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور پھر انہیں 12 مئی 2023 کو ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کردیا گیا۔
