اسلام آباد میں یادگارِ فتح کاشاندار افتتاح

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جذبے، حب الوطنی، اتحاد و یکجہتی اور دفاع وطن کے عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب میں سروسز چیفس، وفاقی وزرا، غیر ملکی سفرا، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی تقریب میں موجود تھے۔

شاندار تقریب میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کے دستوں نے شرکت کی، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستے بھی تقریب کا حصہ بنے۔

مسلح افواج کے ساتھ ساتھ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سول آرمڈ فورسز کے دستوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ باوقار دستوں کی پریڈ نے قومی اتحاد، یگانگت اور یکجہتی کی خوبصورت عکاسی کی۔

یادگارِ فتح کو قومی تاریخ، معرکۂ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں اور عزمِ صمیم کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ شرکا نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔

یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب میں قومی وحدت اور یکجہتی کا پیغام نمایاں رہا، جس نے دفاع وطن کے لیے قوم اور مسلح افواج کے باہمی عزم کو اجاگر کیا۔

مہمان خصوص صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یادگارِ فتح کا افتتاح کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔

اسلام آباد کے ایچ ایٹ مین ایکسپریس وے پر واقع یادگارِ فتح کو معرکۂ حق، قومی استقامت، دفاع وطن اور اتحاد و یکجہتی کی علامت کے طور پر تعمیر کیا گیا ہے۔

تقریب کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد مختلف علاقوں سے یہاں پہنچی۔ شرکا نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا، جس کے باعث افتتاحی تقریب ایک پرجوش اور ملی جذبے سے بھرپور منظر پیش کرتی رہی۔

یادگارِ فتح کا ڈھانچہ تقریباً 80 فٹ بلند اور 150 فٹ چوڑا ہے، جو اسلام آباد کے تعمیراتی منظرنامے میں ایک نمایاں اضافہ بن کر سامنے آیا ہے۔ یادگار کی تعمیر میں قومی تاریخ اور دفاع وطن کے جذبے کو نمایاں کرنے کے ساتھ جدید طرزِ تعمیر کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

یادگارِ فتح میں جدید بصری ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ یادگار پر مستقل 3 ڈی پروجیکشن میپنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس کے ذریعے رات کے وقت اس کے محرابوں، ستونوں اور سنگِ مرمر سے مزین سطحوں کو مختلف روشنیوں اور مناظر سے اجاگر کیا جائے گا۔

Back to top button