جعلی اکاؤنٹس کیس کے اہم گواہ اسلم مسعود انتقال کر گئے

جعلی اکاونٹ کیس کے اہم گواہ اور اومنی گروپ کے اکاونٹنٹ اسلم مسعود انتقال کرگئے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق اسلم مسعود گردے کے مرض اور کرونا میں مبتلا تھے۔ جس کی وجہ سے وہ جان کی بازی ہار گئے.
نیب ذرائع کے مطابق اسلم مسعود راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔نیب ذرائع نے بتایا کہ اسلم مسعود اومنی گروپ اور آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ تھے اور انہیں سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا تھا۔دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلم مسعود کی وفات کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ہے جس کے مطابق قیدی اسلم مسعود کو 20 فروری 2019 کو اسپتال داخل کرایا گیا تھا اور اسی روز قیدی کو ہنگامی بنیادوں اسپتال ریفرکردیا گیا تھا۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے قیدی آج اسپتال میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگیا لہٰذا عدالت قیدی کے پوسٹ مارٹم کے اجازت دے۔
خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ایف ائی اے کو مطلوب اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود کو انٹر پول کی مدد سے فروری 2019 کو تحویل میں لیے جانے کے بعد سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیاتھا۔ جہاں پر نہ صرف وہ ایف آئی اے کی تحویل میں رہے بلکہ نیب حکام نے بھی ان سے تحقیقات کی تھیں جس میں انھوں نے وعدہ معاف گواہ بنتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا. ذرائع کے مطابق آج کل وہ اڈیالہ جیل میں قید تھے تاہم 15 روز قبل ان کی طبعیت انتہائی ناساز ہونے پر انھیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا. جس کے بعد وہ ہسپتال میں داخل رہے اور 17 اگست کو انتقال کر گئے. اسلم مسعود کے وکیل نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے.
خیال رہے کہ اسلم مسعود سابق صدر آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان پر 107 جعلی بینک اکانٹس سے 54 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام تھا۔ اسلم مسعود کے دو مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے تاہم اسلم مسعود جنوری 2018 سے روپوش تھے. جس کے بعد ایف آئی اے نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کر کے انٹرپول سے رجوع کیاتھا اور اکتوبر میں انٹرپول نے اسلم مسعود کو اس وقت تحویل میں لے لیا تھا جب وہ لندن سے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچے تھے.
واضح رہے کہ اسلم مسعود کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقصد کیلیے مختلف لوگوں کے شناختی کارڈ استعمال کر کے جعلی بینک اکاونٹس کھولنے اور دیگر الزامات کے تحت ایف ائی اے کراچی میں مقدمہ نمبر 4/2018 درج ہے.
