جنوبی افریقہ : نائٹ کلب سے20 افراد کی لاشیں برآمد

جنوبی افریقہ کے شہر ایسٹ لندن کے ایک قصبے میں اس وقت افسوس ناک واقعہ پیش آیا جب ایک نائٹ کلب میں 20 نوجوان افراد مردہ پائے گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کےمطابق صوبائی پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر تھیمبنکوسی کنانا نے بتایا کہ ’ہمیں20 لوگوں کے بارے میں رپورٹ ملی ہے جو مشرقی لندن میں واقع سینری پارک کے مقامی ہوٹل میں ہلاک ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مقامی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ کلب میں لاشیں میزوں، کرسیوں اور فرش پر بکھری پڑی تھیں۔ ان کے جسموں پر چوٹ کے کوئی واضح نشان بھی نہیں تھے، سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی غیر مصدقہ تصاویر میں بھی کلب کے فرش پر بکھری ہوئی لاشوں پر بظاہر زخموں کے کوئی نشانات نظر نہیں آئے جبکہ پولیس افسران کو جوہانسبرگ سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر جنوب میں بحر ہند کے ساحل پر واقع کلب کے باہر جمع ہونے والے والدین اور تماشائیوں کے ہجوم کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

انہوں نے کہا میں نہیں سمجھتاکہ اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی وجہ بھگدڑ ہوسکتی ہے کیونکہ جاں بحق ہونے والوں کے جسم پر زخموں کے ایسے نشان نہیں جو بھگدڑ مچنےسے آتے ہوں۔

Back to top button