حکومت کا نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کرنے کا فیصلہ

حکومت نے نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت لاہورمیں امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی غورکیا گیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی سے ہی بدل سکتی ہے۔
اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک ہم ملک کر جدوجہد کرتے رہیں گے۔
شہبازشریف کاہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیا جائے گا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا، گزشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے امن وامان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔
