جنوبی وزیرستان، پی ٹی ایم رہنما رکن قومی اسمبلی علی وزیر گرفتار

جنوبی وزیرستان سے پختون تحفظ موومنٹ کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے بتایا کہ علی وزیرکو پشاور آرکائیوز ہال سے نکلتے وقت گرفتارکیا گیا۔علی وزیر کا کہنا ہے کہ ضمانت قبل ازگرفتاری بھی کرا چکا ہوں،معلوم نہیں کیوں گرفتارکیا جا رہا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علی وزیرکوسندھ پولیس کی درخواست پرگرفتارکیاگیا، علی وزیر کو کراچی منتقل کیا جائےگا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علی وزیرپرکراچی میں نفرت انگیز تقریرکرنےکا مقدمہ درج ہے۔علی وزیر کو فی الحال ایسٹ کینٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور محمدعلی گنڈا پورکے مطابق علی وزیرکےخلاف کراچی میں مقدمہ درج ہے،سندھ پولیس کی ٹیم پشاور آئی ہے، علی وزیرکی گرفتاری میں ہم نے سندھ پولیس کی مدد کی، قانونی تقاضے پورے کرکے علی وزیر کو سندھ پولیس کےحوالےکیاجائےگا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی ایم رہنما کو پشاور کے تھانہ شرقی کی حدود سے گرفتار کیا گیا ، علی وزیر کی گرفتاری 54 سی آر پی سی کے تحت عمل میں لائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی ایم رکن قومی اسمبلی کے خلاف ملک مخالف تقاریر کرنے پر صوبہ سندھ میں مقدمہ درج ہے ، جس کی بناء پر صوبہ سندھ کے محکمہ داخلہ نے خیبر پختونخوا کے محکمہ داخلہ سے علی وزیر کی گرفتاری کی درخواست کی تھی ، اسی بناء پر پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی کو گرفتاری کے بعد اب سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سندھ پولیس اور سندھ کے محکمہ داخلہ کی طرف سے پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی حوالگی کے حوالے سے محکمہ داخلہ خیبرپختونخواہ کو مختلف خطوط لکھے گئے ، اس حوالے سے پولیس نے اپنے خط میں لکھا کہ پی ٹی ایم کی 6 دسمبر کو کراچی میں ہونے والی ریلی میں علی وزیر نے ملک مخالف تقریر کی اور پاک فوج کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی جس کا علی وزیر کے خلاف مقدمہ درج ہے اور وہ مفرور ہے ، گرفتاری اور حوالگی کے حوالے سے خیبرپختونخواہ حکومت ہماری مدد فراہم کرے اور علی وزیر کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق علی وزیر کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ کی 6 تاریخ کو کراچی میں ہونے والے پی ٹی ایم جلسے میں علی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی جبکہ خطاب میں ان کی طرف سے پاکستان کے خلاف بھی باتیں کی گئیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر اب یہ پیشرفت ہوئی ہے کہ پشاور پولیس کی طرف سے پختون تحفط موومنٹ کے رہنما رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو گرفتار کرلیا گیا.
