جنید صفدر کی شادی پر ہنگامے کا پلان کس نے بنایا ہے؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی سے متعلق لندن میں مقیم شریف خاندان کے لیے مشکلات کھڑی ہو گئی ہیں کیونکہ تحریک انصاف کی برطانیہ میں قائم ایک ڈمی تنظیم پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ نے شادی کے موقع پر ہوٹل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تحریک انصاف کی ڈمی تنظیم سمجھی جانے والی پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ کے سربراہ چوہدری طارق محمود نے ایک ویڈیو پیغام میں 22 اگست کو لندن کے ہوٹل کے باہر مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنید صفدر کی شادی اتنی آسانی سے نہیں ہونے دیں گے۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ یہ مظاہرہ پُرامن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ کرپٹ افراد کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ یہی تنظیم گذشتہ کئی روز سے نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے باہر بھی احتجاجی مظاہرے منعقد کر رہی ہے۔ چوہدری طارق محمود نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ شریف فیملی 30 سال تک پاکستان کی دولت لوٹنے کے بعد اب برطانیہ میں چھپی بیٹھی ہے، انہوں نے یہاں مہنگی جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ ان کی عیاشیوں کو دیکھ کر یہاں پاکستان سے آنے والے تارکین وطن کا دل بہت دکھتا ہے جو یہاں سخت محنت کرکے روزی کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لوٹی گئی دولت سے لندن کے مہنگے ترین فائیو سٹار ہوٹل میں جنید صفدر کی شادی کی جا رہی ہے لہذا میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ 22 اگست کو نکاح کے موقع پر لینس برو ہوٹل کے باہر ساڑھے چار بجے اکھٹے ہو کر شریفوں کو شرمندہ کریں۔
یاد رہے کہ نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی قومی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف سے ہو رہی ہے۔ عائشہ سیف اور جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کو لندن میں ہوگا۔ نکاح کی تقریب لینزبرو میں ہائیڈ پارک کارنرمیں ہوگی، نکاح کی تقریب کا دعوت نامہ مہمانوں کو بھیج دیا گیا ہے۔ مریم نواز کی جانب سے شیئر کیے گئے شادی کے دعوت نامے کے مطابق جنید صفدر کا نکاح 22 اگست 2021 کو عائشہ سیف سے ہوگا جو نواز شریف کے قریبی ساتھیی سیف الرحمٰن خان کی بیٹی ہیں۔ سیف کو 1997 میں نواز شریف نے بطورِ وزیر اعظم دوسری مدت کے دوران احتساب بیورو کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تقریب لندن کے جس 5 اسٹار ہوٹل میں منعقد ہورہی ہے وہ 1719 میں قائم کیا گیاتھا۔ دی لینس بورو ہوٹل، ہائیڈ پارک کارنر پر نائٹس برج میں واقع ہے۔سال 2015 میں اس ہوٹل کو دی ٹیلی گراف کی جانب سے لندن کا مہنگا ترین ہوٹل قرار دیا گیا تھا۔ باربرا والٹرز، میڈونا، جارج بش سینئر، چیر، آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون، جونی ڈیپ، مائیکل بولٹن، ماریہ کیری اور پامیلا اینڈرسن سمیت کئی شوبز اور معروف شخصیات اس ہوٹل میں قیام کرچکی ہیں۔ اس میں میشلین اسٹار ریسٹورنٹ بھی ہے جو اپنے میٹھے پکوانوں کی وجہ سے مقبول ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہے کہ جنید صفدر کے نکاح میں یہ شامل ہوں گے یا دیسی پکوان پیش کیے جائیں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی منگیتر یونیورسٹی کالج آف لندن کی فارغ التحصیل ہیں، جبکہ محمد جنید صفدر نے بھی برطانیہ سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔
